Time 20 جنوری ، 2025
دنیا

امریکا کو پھر سے عظیم بناؤں گا، ٹرمپ نے صدر کا حلف اٹھانےکے بعدکیا اعلانات کیے؟

امریکا کو پھر سے عظیم بناؤں گا، ٹرمپ نے صدر کا حلف اٹھانےکے بعدکیا اعلانات کیے؟
 میری اولین ترجیح ایک ایسا ملک قائم کرنا ہے جو آزاد اور مضبوط ہو، ڈونلڈ ٹرمپ،فوٹو: اے ایف پی

ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا کے47 ویں صدر کی حیثیت سے حلف اٹھانے کے بعد اپنے افتتاحی خطاب میں کہا کہ اب امریکا ترقی کرےگا، اپنے دور میں امریکا پہلے رکھوں گا، امریکا بہت جلد مضبوط، عظیم اور   پہلے سے کہیں زیادہ کامیاب ملک بنےگا۔

افتتاحی خطاب میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نےکہا کہ میری اولین ترجیح ایک ایسا ملک قائم کرنا ہے جو آزاد اور مضبوط ہو، 8 سال مجھے جن مشکلات کا سامنا رہا امریکی تاریخ میں کسی اور کے ساتھ ایسا نہیں ہوا، میں امریکا کو پھر سے عظیم بناؤں گا، آج کا دن امریکی شہریوں کی آزادی کا دن ہے، سیاہ فام اور لاطینی امریکیوں کا شکریہ ، میں نے اُن کے مسائل سُنے ہیں، آج مارٹن لوتھر کنگ ڈے ہے اور اس مناسبت سے میں ان کے لیے کام کروں گا۔

ٹرمپ کا امریکا کی جنوبی سرحدوں پر نیشنل ایمرجنسی کا اعلان

ڈونلڈ ٹرمپ نےکہا کہ سابق حکومتیں داخلی مسائل حل نہیں کرسکیں لیکن دنیا بھر میں مہنگی مہمات کرتی رہیں، میں اور میری انتظامیہ ملک کی سرحدوں کا تحفظ یقینی بنائیں گے، آج تاریخی حکم ناموں پر دستخط کروں گا، میں امریکا کی جنوبی سرحدوں پر نیشنل ایمرجنسی کا اعلان کروں گا، ہم لاکھوں غیر قانونی تارکین وطن اور جرائم پیشہ افراد کو ان کے ملکوں کو واپس بھیجیں گے، منظم جرائم کےگروہوں کو غیر ملکی دہشت گرد قرار دیں گے، ان دہشت گرد گروہوں کے خلاف امریکی فوج کو استعمال کریں گے۔

 امریکی عوام پر ٹیکسوں میں کمی کروں گا: صدر ٹرمپ کا اعلان 

امریکی صدر نےکہا کہ اپنی کابینہ کو ہدایت دوں گا کہ ہر صورت میں مہنگائی پر قابو پائے، امریکا ایک بار پھر دنیا کا سب سے بڑا مینوفیکچرنگ ملک بنےگا، میں امریکا کے تجارتی نظام کو فوری ٹھیک کرنے میں لگ جاؤں گا، امریکی عوام پر ٹیکسوں میں کمی کروں گا، میں تمام حکومتی سنسرشپ ختم کرنے کا فوری حکم دوں گا، امریکا میں آزاد اظہار رائے کی مکمل آزادی بحال کروں گا۔

خلیج میکسیکوکا نام بدلنے اور پانامہ کینال واپس لینےکا اعلان

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہم اپنے شہروں میں قانون کی بالادستی لائیں گے، ہم ایک میرٹ والی سوسائٹی بنائیں گے، اپنے ملک کو خطرات اور دراندازیوں سے بچانا اولین ذمہ داری ہے، میں امن قائم کرنے والا بننا چاہتا ہوں، ہماری افواج اپنے اہم مقصد امریکا کی حفاظت پر ہی فوکس رہیں گی،ہم خلیج میکسیکو کا نام بدل کر خلیج امریکا رکھ رہے رہیں، ہم پانامہ کینال واپس لیں گے۔

 آج سے امریکا میں صرف دو جنس ہوں گی: صدر ٹرمپ کا اعلان

ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا کہ ہم یہ پالیسی لائیں گے کہ آج سے امریکا میں صرف دو جنس ہوں گی، مرد اور عورت۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے مریخ پر خلائی مشن اور خلانوردوں کو بھیجنےکا بھی اعلان کیا۔

تقریب سے پہلے ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں صدر بائیڈن سے ملاقات کی، ٹرمپ نے اہلیہ میلانیا ٹرمپ کے ساتھ واشنگٹن کے چرچ میں دعائیہ سروس میں بھی شرکت کی۔

واشنگٹن ڈی سی میں شدید سردی کے باعث 40 سال بعد حلف برداری کی تقریب ان ڈور ہوئی۔

ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریب حلف برداری میں پاکستان کی کئی سیاسی شخصیات اور پاکستانی امریکن بھی شریک ہوئے۔ جاپان، بھارت، آسٹریلیا کے وزرائے خارجہ بھی حلف برداری میں شریک تھے، چین کے نائب صدر نے اپنے ملک کی نمائندگی کی۔

گوگل کےسی ای او سُندرپچائی، میٹا کے سی ای او مارک زکربرگ اور ٹک ٹاک کے سی ای او شو چیو بھی تقریب میں شامل تھے۔

حلف برداری سےقبل کیپٹل ون ایرینا میں ٹرمپ کی جیت کی خوشی میں ریلی نکالی گئی۔

مزید خبریں :