22 جنوری ، 2025
بالی وڈ اداکارہ انوشا ڈنڈیکر نے امیتابھ بچن کے ہمراہ ایک تصویر شیئر کی جس میں انہوں نے اداکار کو اپنا ’پہلا سسر‘ قرار دیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق انوشا ڈنڈیکر نے حال ہی میں امیتابھ بچن سے ملاقات کی جس نے انہیں فلم 'ویرودھ، فیملی کمز فرسٹ‘ کی یاد دلا دی جس میں امیتابھ ان کے سُسر بنے تھے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر انوشا کی جانب سے اس ملاقات کی تصویر شیئر کی گئی جس کے کیپشن میں اداکارہ نے لکھا ’میرے پہلے سُسر، خوش نصیب ہوں کہ آپ کے ساتھ کام کیا‘۔
ساتھ ہی اداکارہ نے ہیش ٹیگ ویرودھ ری یونین کا ٹیگ بھی استعمال کیا۔
امیتابھ بچن کی انوشا ڈنڈیکر کے ہمراہ یہ تصویر سوشل میڈیا پر کافی وائرل ہورہی ہے جب کہ مداح بھی اس پر دلچسپ تبصرے کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ جولائی 2024 میں فلم ’ویرودھ‘ کو ریلیز ہوئے 19 سال مکمل ہوگئے تھے۔
اس موقع پر اداکارہ نے ایک پوسٹ میں فلم کی ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’میری پہلی شادی، کتنی شاندار تھی! 19 سال مکمل ہوگئے، یہ فلم میرے لیے خاص ہے‘۔
یاد رہے کہ2005 میں ریلیز ہونے والی فلم ویرودھ مہیش منجریکر کی ہدایت کاری میں فلمائی گئی تھی جس میں شرمیلا ٹیگور، جان ابراہم اور سنجے دت شامل تھے۔