24 جنوری ، 2025
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے تحریک انصاف کی جانب سے مذاکرات ختم کیے جانے پر ردعمل میں کہا ہے کہ پی ٹی آئی نےتھوڑی عجلت سے کام لیا ہے، تھوڑی جلد بازی کی۔
عطا اللہ تارڑ نے جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی مذاکراتی کمیٹی کے مطالبات کے جواب میں ہمارا جواب آنا تھا ، پی ٹی آئی کے مطالبات کے جواب کیلئے سیر حاصل گفتگو کی گئی تھی ۔
انہوں نے کہا کہ ضروری نہیں کہ کمیشن بنے، درمیانی راستے پر غور ہو رہا تھا کہ کمیشن کے بجائے کمیٹی بنا دیں ،پی ٹی آئی نے تھوڑی عجلت سے کام لیا ہے،تھوڑی جلد بازی کی ہے۔
عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی والے ایساجائز بہانہ ہی ڈھونڈ لیتے کہ لگتا ان کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے ، انہوں نے بدنیتی پر مبنی عجلت میں فیصلہ کیا، بغیر وجہ مذاکرات ختم کیے، جواب کا انتظار کرنا ڈیڈ لائن تک لازم تھا ،اب ذمہ داری پی ٹی آئی پر ہے۔
انہوں نے کہا کہ حامد رضا کے گھر یا مدرسے پر چھاپے پر حکومتی مذاکراتی کمیٹی سے رابطہ کیا جاتا، 190 ملین پاؤنڈ کیس کا اثر کم کرنے کیلئے رخ موڑا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ جمعرات کو بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے حکومت کے ساتھ جاری مذاکرات ختم کرنے کا اعلان کیا گیا۔
چیئرمین بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا حکومت نے 7 روز میں کمیشن بنانا تھا لیکن اب تک حکومت نے 9 مئی اور 26 نومبر پر جوڈیشل کمیشن تشکیل نہیں دیا اس لیے مذاکرات ختم کرنے کا اعلان کر رہے ہیں۔