25 جنوری ، 2025
غزہ جنگ بندی معاہدے کے تحت فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس آج 4 اسرائیلی مغوی خواتین کو رہا کرے گی۔
عرب میڈیا کے مطابق حماس نے 4 اسرائیلی مغوی خواتین کے نام بھی جاری کر دیے ہیں۔
ترجمان حماس کے مطابق مغویوں اسرائیلی فوج کی سپاہی لیری الباگ، کرینہ ایریف ، ڈینئیل گلبوا اور نما لیوی کا نام ہفتے کو رہا ہونے والوں میں شامل ہے۔
اسرائیل کی جانب سے فلسطینی قیدیوں کی فہرست جلد جاری ہونے کا امکان ہے، تبادلے میں 180 فلسطینیوں کو رہا کیا جاسکتا ہے۔
دوسری جانب جنگ بندی معاہدے کے باوجود اسرائیلی فوج کی فلسطینیوں کے خلاف کارروائیاں اب بھی جاری ہیں۔
اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ میں صاف پانی کے واحد پلانٹ کو بھی تباہ کردیا۔ ادھر مٖغربی کنارے کے جنین شہر میں اسرائیلی فوجی آپریشن میں اب تک 14 فلسطینی شہید اور 40 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔
عرب لیگ اور متحدہ عرب امارات نے مغربی کنارے کے شہر جنین میں اسرائیلی آپریشن کی شدید مذمت کی۔
یاد رہے کہ 19 جنوری کو حماس کی جانب سے جنگ بندی معاہدے کے تحت پہلے 3 اسرائیلی قیدیوں کو ریڈ کراس کے حوالے کیا گیا تھا جس کے بعد اسرائیلی جیل سے 90 فلسطینی قیدیوں کو بھی رہا کیا گیا تھا۔