Time 25 جنوری ، 2025
کھیل

دوسرا ٹیسٹ: پاکستان ویسٹ انڈیز کیلئے بچھائےگئے اسپن کے جال میں خود پھنس گیا

دوسرا ٹیسٹ: پاکستان ویسٹ انڈیز کیلئے بچھائےگئے اسپن کے جال میں خود پھنس گیا
4 وکٹیں جلد گرنے کے بعد رضوان اور سعود شکیل نے ٹیم کو سہارا دیا۔ فوٹو کرک انفو

ملتان: دوسرے اور آخری ٹیسٹ میں پاکستان ویسٹ انڈیز کے لیے بچھائے گئے اسپن کے جال میں خود پھنس گیا اور ویسٹ انڈیز کے پہلی اننگز کے 163 رنز کے جواب میں پاکستانی ٹیم 154 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، مہمان ٹیم کو  9 رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔

ملتان کے انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں ویسٹ انڈیز کے بعد پاکستانی ٹیم بھی پہلی اننگز کی ابتدا میں مشکلات کا شکار ہوئی تاہم 4 وکٹیں جلد گرنے کے بعد سعود شکیل اور محمد رضوان نے لڑکھڑاتی بیٹنگ لائن کو کچھ حد تک سنبھالا۔

 پاکستان کی پہلی وکٹ 22 کے مجموعے پر گری جب محمد ہریرہ 9 رنز بنا کر کیمر روچ کا شکار بنے جب کہ بابر اعظم صرف ایک رنر بنا کر بولڈ ہوگئے۔قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود کو بھی کیمر روچ نے 15 کے انفرادی اسکور پر بولڈ کر دیا جب کہ کامران غلام بھی 16 رنز بنا کر ہمت ہار گئے۔ 

چار وکٹیں جلد گرنے کے بعد سعود شکیل اور محمد رضوان نے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا تاہم 119 کے مجموعی اسکور پر سعود شکیل بھی 32 رنز بنا کر جومیل وریکن کو وکٹ دے بیٹھے۔محمد رضوان بھی 49 رنز بناسکے، کاشف علی اور نعمان علی صفرپرآؤٹ ہوئے، ساجد خان 16 رنزبناکر ناقابل شکست رہے۔

ویسٹ انڈیز کے جومیل واریکن نے 4 وکٹیں لیں، گداکیش موٹی نے تین اور کیمار روچ نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

میچ کا پہلا دن پہلی اننگز میں ویسٹ انڈیز کی 9 رنز کی برتری کے ساتھ ختم ہوا۔

ویسٹ انڈیز کی پہلی اننگز

قبل ازیں ویسٹ انڈین کپتان کریگ بریتھ ویٹ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔

مہمان ٹیم کی جانب سے کریگ بریتھ ویٹ اور مائیکل لوئس نے اننگز کا آغاز کیا تاہم 8 کے مجموعے پر پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے فاسٹ بولر کاشف علی نے اپنے اوور میں مائیکل لوئس کو وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ کرا دیا۔

پاکستان کی جانب سے دوسری وکٹ ساجد خان نے حاصل کی، انہوں نے عامر جنگو کو اپنا شکار بنایا، اس کے بعد نعمان علی نے ویسٹ انڈین بیٹرز کو ٹکنے نہ دیا اور یکے بعد دیگرے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

نعمان علی کے ہیٹ ٹرک کے ساتھ 6 شکار

نعمان علی نے ہیٹ ٹرک بھی اسکور کی اور وہ ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی طرف سے ہیٹ ٹرک کرنے والے پہلے اسپنر ہیں۔

ویسٹ انڈیز کی 9 ویں وکٹ 95 کے مجموعے پر گری جب نعمان علی نے کیمار روچ کو پویلین کی راہ دکھائی اور اپنی 5 وکٹیں مکمل کیں۔

پاکستان کی طرف سے ویسٹ انڈیز کی آخری وکٹ بھی نعمان علی نے ہی لی اور اس طرح انہوں نے 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

اس کے علاوہ ساجد خان نے 2، کاشف علی اور ابرار احمد نے ایک ایک وکٹ لی۔

ویسٹ انڈیز کی طرف سے گداکیش موتی 55 رنزبناکرنمایاں رہے جب کہ مہمان ٹیم کے 7 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکے اور 4 کھلاڑی صفر پر پویلین گئے۔

خیال رہے کہ 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں پاکستان کو ایک صفر کی سبقت حاصل ہے، پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو ملتان میں ہی کھیلے گئے پہلے میچ میں 127 رنز سے شکست دی تھی جب کہ پاکستان کی جانب سے تمام 20 وکٹیں اسپنرز نے حاصل کی تھیں۔

مزید خبریں :