Time 26 جنوری ، 2025
دنیا

خانہ جنگی کے شکار سوڈان میں اسپتال ڈرون حملے کا نشانہ بن گیا، 30 افراد ہلاک

خانہ جنگی کے شکار سوڈان میں اسپتال ڈرون حملے کا نشانہ بن گیا، 30 افراد ہلاک
ڈرون حملے کا نشانہ بننے والا 'سعودی اسپتال' ریاست شمالی دارفور کا آخری فعال اسپتال تھا/ فوٹو: غیر ملکی میڈیا 

خرطوم: سوڈان کے ایک اسپتال پر ہونے والے ڈرون حملے میں 30 افراد جاں بحق ہوگئے۔ 

غیر ملکی میڈیا کے مطابق سوڈان کے ریاست شمالی دارفور کے شہر  الفشر میں واقع اسپتال کو ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 30 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ 

رپورٹ کے مطابق الفشر کا  'سعودی اسپتال' ریاست شمالی دارفور کا آخری فعال اسپتال تھا، حملے سے ہسپتال کے ہنگامی شعبے کی عمارت کو بھی نقصان پہنچا جبکہ مرنے والوں میں مریض اور ان کے ساتھ آنے والے افراد شامل ہیں۔ 

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسپتال پر حملہ کس گروپ کی جانب سے کیا گیا اس بارے میں ابھی تک کوئی اطلاع نہیں ہے۔ 

واضح رہے سوڈان سال 2023 سے خانہ جنگی کا شکار ہے اور سوڈانی فوج ریپڈ سپورٹ فورس (RSF) نامی ایک مسلح تنظیم کے خلاف جنگ میں مصروف ہے جو اس سے قبل سرکاری فوج کے ساتھ مل کر بھی کام کرتی رہی تھی۔ 

رپورٹ کے مطابق گذشتہ برس مئی سے ریپڈ سپورٹ فورس نے الفشر شہر کا محاصرہ کر رکھا ہے تاہم وہ شہر کا کنٹرول حاصل نہیں کر سکی کیوں کہ انہیں سوڈانی فوج کی جانب سے مزاحمت کا سامنا ہے۔

مزید خبریں :