Time 26 جنوری ، 2025
دنیا

صدر ٹرمپ کا اردن اور مصر سے غزہ کے مزید فلسطینی پناہ گزینوں کو قبول کرنیکا مطالبہ

صدر ٹرمپ کا اردن اور مصر سے غزہ کے مزید فلسطینی پناہ گزینوں کو قبول کرنیکا مطالبہ
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے اس بارے میں بتایا / رائٹرز فوٹو

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ چاہتے ہیں کہ اردن اور مصر غزہ سے تعلق رکھنے والے زیادہ سے زیادہ پناہ گزینوں کو قبول کریں۔

اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے 2 ہزارپونڈ وزنی بم اسرائیل کو دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے سابق صدر جو بائیڈن کی جانب سے عائد کی گئی پابندی اٹھالی گئی ہے۔

اردن کے شاہ عبداللہ کو 26 جنوری کو فون کال کرنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ آج بم ریلیز کردیے گئے ہیں،اسرائیل کو طویل عرصے سے اس کا انتظارتھا۔

انہوں نے کہا کہ یہ بم اسرائیل نے خریدے ہوئے ہیں۔

امریکی صدر نے کہا کہ 'اردن کے شاہ عبداللہ سے بات کی ہے اور مصر کے صدر عبدل فتح السیسی سے اتوار کو بات کرونگا'۔

انہوں نے کہا کہ 'میں چاہتا ہوں کہ مصر غزہ کے پناہ گزینوں کو قبول کرے'۔

ان کا کہنا تھا کہ آپ تقریبا 15 لاکھ لوگوں کے بارے میں بات کر رہے ہیں، ہم اس سارے معاملے کو صاف کررہے ہیں،آپ جانتے ہیں کہ سب ختم ہوگیا۔

صدر ٹرمپ کے مطابق اردن کے بادشاہ سے کہا ہے کہ وہ مزید فلسطینی پناہ گزینوں کو قبول کریں۔

انہوں نے بتایا کہ 'میں پوری غزہ پٹی کو دیکھ رہا ہوں،یہاں سب کچھ تباہ ہوگیا ہے، غزہ پٹی کے پناہ گزینوں کی نئی آبادکاری عارضی یا مستقل بھی ہوسکتی ہے'۔

صدر ٹرمپ نے کہا کہ غزہ پٹی میں سب کچھ تباہ ہوچکا ہے اور لوگ مر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کچھ عرب ممالک سے ملکرالگ جگہ ہاوسنگ کی تعمیر چاہتا ہوں۔

خیال رہے کہ اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں غزہ میں 47 ہزار سے زائد فلسطینی شہری شہید ہوئے جبکہ ہزاروں زخمی ہیں اور باقی افراد کو خوراک تک رسائی میں مشکلات کا سامنا ہے جبکہ دیگر مسائل الگ ہیں۔

مزید خبریں :