نادرا اور آزاد جموں و کشمیر حکومت کے عہدیداروں نے تصدیق کی ہے کہ یہ افواہیں مکمل طور پر بے بنیاد ہیں۔
27 جنوری ، 2025
سوشل میڈیا پر یہ دعویٰ گردش کر رہا ہے کہ نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (NADRA) نے آزاد جموں و کشمیر (AJ&K) کو اس کے رہائشیوں کے شناختی کارڈز سے ہٹا دیا ہے۔ ان دعوؤں نے غم و غصے کو جنم دیا ہے اور کئی افراد نادرا پر کشمیری عوام کے ساتھ امتیازی سلوک کا الزام لگا رہے ہیں۔
دعویٰ غلط ہے۔
18 جنوری کو ایک فیس بک صارف نے پوسٹ کی: ”پاکستان نادرا کی ہٹ دھرمی جاری شناختی کارڈ سے جموں کشمیر غائب۔“ یہ پوسٹ اب تک 90 سے زائد مرتبہ شیئر کی جا چکی ہے اور 88 لائکس حاصل کر چکی ہے۔
اسی طرح کے دعوے یہاں، یہاں اور یہاں بھی شیئر کیے گئے۔
نادرا کے حکام اور آزاد جموں و کشمیر حکومت کے نمائندوں نے ان دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ آزاد جموں و کشمیر کو اس کے باشندوں کے شناختی کارڈز سے نہیں ہٹایا گیا۔
نادرا کے ترجمان شباہت علی نے جیو فیکٹ چیک کو 19 جنوری کی ایک پریس ریلیز فراہم کی، جس میں آن لائن الزامات کو”بے بنیاد“ قرار دیا گیا۔
پریس ریلیز کے مطابق، نادرا سمارٹ کمپیوٹرائزڈ نیشنل آئیڈنٹٹی کارڈز (CNICs) پر کالے رنگ میں اورعام قومی شناختی کارڈ پر سرخ رنگ میں”Resident of AJK State“ کا جملہ پرنٹ کرتا ہے۔
یہ بھی وضاحت کی گئی کہ کسی شخص کے شناختی کارڈمیں” Resident of AJK State “ شامل کرنے کے لیے ضروری ہے کہ وہ آزاد جموں و کشمیر حکومت کی جانب سے جاری کردہ درست اسٹیٹ سبجیکٹ سرٹیفکیٹ (کلاس 1، 2 یا 3) جمع کروائے۔ اس سرٹیفکیٹ کے بغیر رہائش کا اسٹیٹس شناختی کارڈ پر پرنٹ نہیں کیا جا سکتا۔
صرف دسمبر 2024 سے جنوری 2025 کے دوران نادرا نے 50 ہزار سے زائد شناختی کارڈز جاری کئے جن پر ” Resident of AJK State“ کا اسٹیٹس پرنٹ کیا گیا ہے, یہ اس دعویٰ کو غلط ثابت کرتا ہے کہ اس اسٹیٹس کو شناختی کارڈز سے ہٹایا جارہا ہے۔
مکمل پریس ریلیز یہاں ملاحظہ کی جا سکتی ہے:
آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اطلاعات محمد مظہر سعید نے بھی ان دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے انہیں”مکمل طور پر جعلی خبریں“ قرار دیا۔ انہوں نے دوبارہ وضاحت کی کہ AJ&K کا اسٹیٹس شناختی کارڈ پر پرنٹ کرانے کے لیے کسی بھی فرد کو ضروری دستاویزات، خاص طور پر اسٹیٹ سبجیکٹ سرٹیفکیٹ، جمع کرانا ضروری ہے تاکہ آزاد جموں و کشمیر میں رہائش کا ثبوت فراہم کیا جا سکے۔
فیصلہ: یہ دعویٰ کہ نادرا نے آزاد جموں و کشمیر کے باشندوں کے شناختی کارڈز سے ” Resident of AJK State “ ہٹا دیا ہے، غلط ہے۔ نادرا اور آزاد جموں و کشمیر حکومت کے عہدیداروں نے تصدیق کی ہے کہ یہ افواہیں مکمل طور پر بے بنیاد ہیں اور غلط معلومات پر مبنی ہیں۔
ہمیں X (ٹوئٹر)@GeoFactCheck اور انسٹا گرام@geo_factcheck پر فالو کریں۔ اگر آپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔