27 جنوری ، 2025
لاہور کے علاقے نواب ٹاؤن سے لاپتا ہونے والی خاتون وکیل کی لاش حافظ آباد کی نہر سے برآمد ہو گئی۔
خاتون وکیل سائرہ کے لاپتا ہونے کا مقدمہ اس کی بہن عائشہ کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق خاتون وکیل سائرہ کی لاش بوری میں ڈال کر نہر میں پھینکی گئی تھی جس کی شناخت بھی مشکل سے ہوئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ سائرہ کی کچھ عرصہ پہلے شادی ہوئی تھی، خاتون وکیل کے قتل کے شبے میں مقتولہ کے شوہر بلال اور ڈرائیور کی تلاش جاری ہے۔
پولیس حکام کا بتانا ہے کہ حافظ آباد پولیس نے ایف آئی آر درج کر کے لاش کی تدفین کر دی، نواب ٹاؤن پولیس اطلاع ملتے ہی حافظ آباد روانہ ہوئی اور لاش کی شناخت کے بعد مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔