Time 30 جنوری ، 2025
انٹرٹینمنٹ

اقربا پروری کے الزامات کا شکار کرن جوہر کا ایک اور مشہور اداکار کے بیٹے کو لانچ کرنے کا اعلان

اقربا پروری کے الزامات کا شکار کرن جوہر کا ایک اور مشہور اداکار کے بیٹے کو لانچ کرنے کا اعلان
فوٹو: فائل

بالی وڈ میں اقربا پروری کو ترجیح دینے کی بناء پر کئی بار تنقید کی زد میں آنے والے معروف فلم ساز و ہدایت کار کرن جوہر نے ایک اور مشہور اداکار کے بیٹے کو فلم نگری میں لانچ کرنے کا اعلان کر دیا۔

عالیہ بھٹ، ورون دھون، ایشان کپور، جھانوی کپور یا پھر آننیا پانڈے، مشہور اداکاروں کے بچوں کو فلم نگری میں لانچ کرنے کی وجہ سے کرن جوہر اکثر تنقید کا نشانہ بنتے ہیں۔  

اداکارہ کنگنا رناوت نے ماضی میں کرن جوہر کے ریئلٹی شو 'کافی ود کرن' میں شرکت کے دوران کہا تھا کہ فلم انڈسٹری میں اقربا پروری موجود ہے، ساتھ ہی انہوں نے کرن جوہر پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ اس رواج کو برقرار رکھتے ہیں۔

ان تمام الزامات کے باوجود کرن جوہر ایک بار پھر مشہور اداکار کے بیٹے کو بالی وڈ میں لانچ کررہے ہیں۔

اقربا پروری کے الزامات کا شکار کرن جوہر کا ایک اور مشہور اداکار کے بیٹے کو لانچ کرنے کا اعلان
 ابراہیم علی خان کرن جوہر کی پروڈکشن میں بننے والی فلم 'سرزمین' سے بالی وڈ میں ڈیبیو کریں گے۔—فوٹو: فائل

کرن جوہر نے اداکار سیف علی خان اور امریتا سنگھ کے بیٹے ابراہیم علی خان کو بالی وڈ فلم میں لانچ کرنے کا اعلان کر دیا۔

  بھارتی میڈیا کے مطابق ابراہیم علی خان کرن جوہر کی پروڈکشن میں بننے والی فلم 'سرزمین' سے بالی وڈ میں ڈیبیو کریں گے۔ 

بدھ کو کرن جوہر نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر  ابراہیم علی خان کی کئی تصاویر اپ لوڈ کرتے ہوئے ایک طویل پیغام لکھا، جس میں ابراہیم اور ان کے خاندان کی تعریف کی، اور ساتھ ابراہیم کے والدین سیف علی خان اور امریتا سنگھ کی بے مثال اداکاری کی مہارت کا ذکر کیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق فلم 'سرزمین' 2025 میں ہی ریلیز کی جائے گی۔فلم میں ابراہیم علی خان کے علاوہ کاجول بھی اہم کرادار ادا کرتی نظر آئیں گی۔ 

مزید خبریں :