30 جنوری ، 2025
دنیائے کرکٹ عجیب و غریب واقعات سے بھری پڑی ہے جس میں کبھی کوئی فیلڈر دنگ کردینے والا کیچ کرتا ہے تو کبھی کوئی بیٹر ایسا چھکا لگاتا ہے جو سالوں دیکھنے کو نہیں ملتا۔
لیکن حال ہی میں انگلینڈ انڈر 19 اور جنوبی افریقا انڈر 19 کی ٹیموں کے درمیان ہونے والے ٹیسٹ میچ میں انوکھا رن آؤٹ دیکھنے کو ملا جس سے متعلق اگر ہم یہ کہیں کہ ایسا پہلی بار ہوا ہے تو غلط نہ ہوگا۔
ہوا کچھ یوں کے انگلینڈ کے بیٹر آریان ساونت نے جنوبی افریقی بولر جیسن رولیس کی گیند پر سوئپ شاٹ کھیلا لیکن گیند شارٹ لیگ فیلڈر جوریچ وین کے ہیلمٹ سے ٹکرا کر وکٹوں پر آلگی۔
اب آریان ساونت شاٹ کھیل کے اپنی مقررہ لائن (کریس) سے آگے بڑھ گئے تھے جب کہ گیند فیلڈر جوریچ وین کے ہیلمٹ سے لگ کر اسٹمپ پر جالگی جسے امپائر نے آؤٹ قرار دے دیا۔
بعدازاں فیلڈر کو سخت تکلیف میں بھی دیکھا گیا جسے فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔
اس واقعے پر شائقین نے بے یقینی کا اظہار کیا، کچھ شائقین نے اس واقعے کی نایابیت کو سراہا جب کہ دوسروں نے نشاندہی کی کہ کرکٹ ایک خطرناک کھیل ہے۔