02 فروری ، 2025
قاہرہ: عرب ممالک نے فلسطینیوں کی اپنی زمین سے جبری بے دخلی اور مصر اور اردن منتقل کرنے کے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے منصوبے کو مسترد کردیا۔
عرب ممالک کا اجلاس گزشتہ روز مصری دارالحکومت قاہرہ میں ہوا جس میں سعودی عرب، یو اے ای، مصر ، قطر اور اردن کے وزرائے خارجہ کے علاوہ فلسطینی اتھارٹی کے حکام نے بھی شرکت کی۔
اجلاس میں عرب لیگ نے فلسطینیوں کی اپنی سرزمین سے جبری بے دخلی ناقابل قبول قرار دی اور غزہ کے لوگوں کو اردن اور مصر منتقل کرنے کے امریکی صدر ٹرمپ کے منصوبے کو مسترد کردیا۔
وزارائے خاجہ کے اجلاس کے بعد مشترکہ بیان میں غزہ جنگ بندی معاہدے پر مکمل عملدرآمد، دو ریاستی حل کے لئے امریکی صدر ٹرمپ کے ساتھ مل کر کام کرنے کی یقین دہانی کرائی گئی جبکہ اسرائیلی فوج سے غزہ پٹی خالی کرنے کا مطالبہ بھی کیا گیا۔
واضح رہے اس سے قبل اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے بھی فلسطینیوں کو غزہ پٹی سے نکالنا نسل کشی کے مترادف قرار دے دیا تھا۔