Time 02 فروری ، 2025
دنیا

بھارت میں وفاقی بجٹ پیش، دفاعی بجٹ میں 9.5 فیصد اضافے کی تجویز

بھارت میں وفاقی بجٹ پیش، دفاعی بجٹ میں 9.5 فیصد اضافے کی تجویز
فوٹو: رائٹرز/ فائل

نئی دہلی: بھارت کے مالی سال 26-2025 کے وفاقی بجٹ میں 6.81 ٹریلین روپے کے دفاعی اخراجات کی تجویز پیش کی گئی ہے جو  گزشتہ سال کے ابتدائی تخمینوں سے 9.5 فیصد زیادہ ہے۔

بجٹ میں تجویز کیا گیا اضافہ نئے ہتھیاروں کی خریداری کے بجائے تنخواہوں اور پینشن کی ادائیگی میں خرچ کیا جائے گا۔

دفاعی بجٹ میں سے 4.7 ٹریلین بھارتی روپے افرادی قوت پر لاگت کی مد میں اور 1.80 ٹریلین روپے جنگی سازوسامان کی خریداری کے لیے رکھے گئے ہیں۔

حالیہ اضافہ گزشتہ مالی سال کے دفاعی بجٹ میں ہونے والے اضافے سے 4.5 فیصد زیادہ ہے بجٹ میں 486 ارب روپے ہوائی جہاز اور ایرو انجنز کے لیے جبکہ 243.9 ارب روپے بحری بیڑوں کے لیے رکھے گئے ہیں۔

بھارتی وزارت دفاع کے سابق مالی مشیر نے کہا  ہے کہ یہ بات طویل عرصے سے تشویش کا باعث ہے کہ دفاعی بجٹ کا ایک بڑا حصہ تنخواہوں اور پنشن کی مد میں چلا جاتا ہے۔

خیال رہے کہ بھارت کو 31 مارچ کو ختم ہونے والے رواں مالی سال کے دفاعی بجٹ سے ابھی 125 ارب روپے خرچ کرنے باقی ہیں، بھارتی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ یہ طویل مذاکرات کے بعد ہونے والے دفاعی سودوں کی عمومی سست نوعیت کو ظاہر کرتا ہے۔

مزید خبریں :