Time 03 فروری ، 2025
کھیل

بھارتی بیٹر کی انگلینڈ کیخلاف ٹی ٹوئنٹی میں دھواں دار اننگز،کئی اہم ریکارڈز اپنے نام کرلیے

بھارتی بیٹر کی انگلینڈ کیخلاف ٹی ٹوئنٹی میں دھواں دار اننگز،کئی اہم ریکارڈز اپنے نام کرلیے
فوٹو: بھارتی میڈیا

بھارتی کرکٹ ٹیم کے نوجوان بیٹر ابھیشیک شرما نے انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچ میں دھواں دار اننگز کھیل کر کئی ریکارڈ اپنے نام کرلیے۔

اتوار کو ممبئی میں انگلینڈ اور بھارت کے درمیان پانچواں اور سیریز کا آخری ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلا گیا۔

بھارت نے انگلینڈ کی دعوت پر بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں  9 وکٹوں پر247 رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا۔

بھارتی ٹیم کی جانب سے نوجوان اوپنر ابھیشیک شرما نے ریکارڈ ساز اننگز کھیلی۔ 

ابھیشیک شرما نے37 گیندوں پر سنچری اسکور کی اور مجموعی طور پر 54 گیندوں پر 13 چھکوں اور 7چوکوں  کی مدد سے 135 رنز بنائے۔

ابھیشیک نے بھارت کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں دوسری تیز ترین سنچری اسکور کی۔ اس سے قبل روہت شرما نے 35 گیندوں پر سنچری بنائی تھی۔   

 انگلینڈ کے خلاف 135 رنز کی اننگز کی بدولت ابھیشیک شرما بھارت کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے بڑا انفرادی اسکور بنانے والے کھلاڑی بن گئے۔

اس سے قبل یہ ریکارڈ شبمن گل کے پاس تھا جنہوں نے  126 رنز کی اننگز کھیلی۔

انگلینڈ کے خلاف 13 چھکے مارنے والے ابھیشیک شرما نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ میں بھارت کی جانب سے ایک اننگز میں سب سے زیادہ چھکے مارنے کا بھی ریکارڈ بنایا۔

بھارتی ٹیم کے247  رنز کے جواب میں انگلش ٹیم 11 ویں اوور میں صرف 97 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور یوں بھارت نے انگلینڈ کے خلاف 5 میچوں کی سیریز 1-4 سے جیت لی۔

مزید خبریں :