03 فروری ، 2025
بھارتی دارالحکومت دہلی میں ایک عجیب واقعہ پیش آیا جہاں دُلہن کے باپ نے معمولی حرکت پر اپنی بیٹی دینے سے انکار کرتے ہوئے بارات واپس لوٹا دی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دُلہا اپنی بارات کے ساتھ تقریب کے مقام پر پہنچا جہاں موجود عینی شاہدین نے بتایا کہ دُلہے کے دوستوں نے اسے ڈانس کرنے کا کہا اور مسلسل اصرار کیا، بعدازاں تقریب میں جب گانا 'چولی کے پیچھے کیا ہے' بجا تو دُلہا اپنے جذبات قابو میں نہ رکھ سکا۔
اپنی دھن میں مست دُلہا گانے پر ناچ رہا تھا جب کہ ارد گرد کھڑے لوگ اس پرفارمنس سے لطف اندوز ہورہے تھے اور دُلہے کے لیے تالیاں بجا رہے تھے جس سے اس کا حوصلہ مزید بڑھا البتہ دُلہن کے والد کو دُلہے کی یہ حرکت ناگوار گزری اور انہوں نے شادی روکنے کا فیصلہ کیا۔
رپورٹس کے مطابق لڑکے کے والد نے فوری طور پر تقریب رکوائی اور شادی ختم کرکے بارات کو لوٹ جانے کا کہا، لڑکی کے والد نے اس رقص پر اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارے خاندان کی روایات کے خلاف ہے۔
دوسری جانب لڑکی یہ شادی ختم کرنے پر رضامند نہیں تھی اور روتے بلکتے ہوئے اس نے اپنے والد کو سمجھانے کی کوشش کی جب کہ لڑکے نے معذرت کرتے ہوئے جواز پیش کیا کہ یہ سب محض تفریح تھی لیکن لڑکی کے والد نے کسی کی نہ سنی اور شادی ختم کردی۔