03 فروری ، 2025
جیو سوپر اور جیو نیوز نے چیمپئنز ٹرافی میں تڑکا لگانے کیلئے ماہرین کرکٹ کا پینل تشکیل دے دیا۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا معرکہ 19فروری سے شرو ع ہوگا، 8 بہترین ٹیمیں مدمقابل ہوں گی، پاک بھارت ہائی وولٹیج ٹاکرا 23 فروری کو دبئی میں ہوگا۔
کراچی، لاہور، راولپنڈی اور دبئی میں کرکٹ کی جنگ ہوگی، جیو ”سوپر“ اور ”جیونیوز“ سے ماہرین کے تجزیے تبصرے نشر ہونگے۔
کرکٹ کے دیوانوں کیلئے بڑی خوشخبری! دُنیا کی 8 بہترین ٹیمیں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 میں ایک دوسرے کے خلاف نبردآزما ہوں گی جہاں سب کی نظریں صرف ایک ٹرافی پر ہوگی۔
پاکستان کی میزبانی میں ہونے والے اس شاندار ٹورنامنٹ کا آغاز 19 فروری کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہوگا جہاں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان افتتاحی میچ کھیلا جائے گا۔
پاکستان کا پہلا نجی اسپورٹس چینل ’جیوسوپر‘ شائقین کرکٹ کیلئے تمام سنسنی خیز مقابلے براہ راست نشر کرے گا۔ اس ٹورنامنٹ میں پاکستان، بھارت، آسٹریلیا، انگلینڈ، جنوبی افریقا، بنگلادیش، افغانستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔
ہر ٹیم کی کوشش ہوگی کہ وہ چیمپئنز ٹرافی کی دوڑ میں سب سے آگے نکلے اور کرکٹ کی دنیا پر حکمرانی کرے۔ سب سے زیادہ انتظار کیے جانے والا میچ روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان 23 فروری کو دبئی میں ہوگا جس کے لیے شائقین ابھی سے بیتاب نظر آ رہے ہیں۔
’جیوسوپر’ کے ساتھ ساتھ ’جیونیوز‘ نے بھی اس ایونٹ میں تڑکا لگانے کیلئے ماہرین کا پینل تشکیل دے دیا ہے جس میں سابق کپتان راشد لطیف، فاسٹ بولر محمد عامر، جارحانہ بلے باز احمد شہزاد اور کرکٹ تجزیہ کار سکندر بخت شامل ہوں گے جو شائقین کو کرکٹ کے ہر لمحے سے باخبر رکھیں گے۔
اس ایونٹ کے مقابلوں پر ناظرین کو نا صرف کرکٹ کے ہر مقابلے کی گہری تجزیاتی رپورٹ دی جائے گی بلکہ کھلاڑیوں کی کارکردگی، میچ کی حکمت عملی اور ہر اہم لمحے پر ماہرین کی رائے بھی پیش کریں گے۔
ان میچز کے دوران جہاں بہترین بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ دیکھنے کو ملے گی، وہیں کچھ غیر متوقع لمحات اور سنسنی خیز مقابلے بھی شائقین کے جوش و خروش کو مزید بڑھا دیں گے۔
اُمید کی جارہی ہے کہ یہ ٹورنامنٹ نا صرف پاکستان بلکہ دُنیا بھر میں کرکٹ کے شائقین کیلئے ایک یادگار ایونٹ ثابت ہوگا جہاں ہر گیند، ہر چوکے اور ہر چھکے پر کرکٹ دیوانوں کی دھڑکنیں تیز ہوں گی۔