04 فروری ، 2025
آکسفورڈ یونیورسٹی پریس پاکستان (او یو پی پی) کے زیراہتمام 16 واں کراچی لٹریچر فیسٹیول (کے ایل ایف) 7 فروری سے شروع ہوگا اور 3 روزہ ادبی میلے کا عنوان "Narratives from the Soil"ہے۔
فیسٹیول کے حوالے سے مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس ہوئی۔ اس موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ کے ایل ایف میں شہر کی شاندار ثقافت اور منفرد خیالات کو سراہا جاتاہے۔
انہوں نے کہا کہ بطور وزیراعلیٰ سندھ اس پلیٹ فارم سے تعاون کرنا میرے لیے باعث مسرت ہے جو ہمارے صوبے میں تخلیقی صلاحیتوں، سیکھنے کے خواہشمند اور مختلف خیالات کے حامل افراد کے درمیان مکالمے کو فروغ دیتا ہے۔
پریس کانفرنس سے خطاب میں میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا کہناتھاکہ کراچی لٹریچر فیسٹیول گزشتہ 16 سال سے کامیابی کے ساتھ منعقد ہو رہا ہے جو علم و ادب، تہذیب اور ثقافت کو فروغ دے کر کراچی کے سافٹ امیج کو اجاگر کرتا ہے، یہ فیسٹیول نوجوانوں کو اپنی زبان، روایات اور آباؤ اجداد کی ثقافت سے جڑنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔
کے ایل ایف انتظامیہ کو مبارکباد دیتے ہوئے میئر نے یقین دہانی کرائی کہ کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن (کے ایم سی) فیسٹیول کے لیے ہر ممکن تعاون کرے گی۔
آکسفورڈ یونیورسٹی پریس پاکستان (او یو پی پی) کے منیجنگ ڈائریکٹر ارشد سعید حسین نے کہا کہ رواں سال کا عنوان"Narratives from the Soil" ہماری بنیادوں اور کہانی سنانے کے درمیان گہرے رشتے کو اجاگر کرتی ہے، ادب ہمیشہ تاریخ، شناخت اور ثقافتی ارتقاء کا آئینہ رہا ہے جو ان آوازوں کو محفوظ رکھتا ہے جو ہمارے اجتماعی شعور کی تشکیل کرتی ہیں۔
ان کا کہنا تھاکہ اس فیسٹیول کے ذریعے ہم اپنی سرزمین کی ادبی میراث اور ان کہانیوں کو خراج تحسین پیش کریں گے جو ہماری پہچان ہیں۔
کے ایل ایف گیٹز فارما بک ایوارڈز میں مختلف اصناف میں ادبی مہارت پر ایوارڈز دیے جائیں گے۔ جیتنے والوں کے ناموں کا اعلان تقریب کے دوران کیا جائے گا۔
انگریزی فکشن کیٹیگری میں عمر شاہد حامدکی The Election، امیر خیری کی Akbar in Wonderland، بینا شاہ کیThe Monsoon Warاور نازنین شیخ کی I Left You Behind شامل ہیں۔
اردو نثر کے لیے منتخب کی گئی تصانیف میں شفقت نغمی کی سات جنم، جِیم عباسی کی سندھو، رفاقت حیات کی رولاک اوراردو فکشن میں نجیبہ عارف کی مظاہر و مباحث شامل ہیں۔ اردو شاعری کی کیٹیگری میں شارق سعید کی کوہِ ملال، طارق نعیم کی آنکھ سے آسمان جاتاہے اور محمد آصف مرزا کی صدا پانی کی کو نامزد کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ فیسٹیول کے لیے شاندار پروگراموں کا اعلان کیا ہے جس میں مختلف موضوعات پر بیک وقت ہونے والے سیشنز شامل ہیں۔ میئر کراچی مرتضیٰ وہاب 'کچہری وِد میئر' کے عنوان سے ایک بصیرت انگیز گفتگو میں شرکت کریں گے جبکہ سابق وزیر مملکت محمد اظفر احسن پاکستان کے کاروباری ماحول پر روشنی ڈالیں گے۔
سینیٹر شیری رحمان دوستی اور 'سیاسی جدوجہد کا سفر' کے موضوع پر مباحثے میں حصہ لیں گی۔
تین روزہ کراچی لٹریچر فیسٹیول میں علمی مکالمے، ثقافتی پرفارمنس اور بصیرت انگیز پینل ڈسکشنز ہوں گے۔ اس کے علاوہ کتابوں کی رونمائی، فکری مباحثے اور دیگر دلچسپ تقریبات سے شرکا بھرپور لطف اندوز ہو ں گے۔
فیسٹیول میں کتابوں کا اجرا، فکری نشستیں،کمیونٹی مسائل پر بحث، فلموں کی نمائش، مشاعرہ، ثقافتی پرفارمنس اور نوجوانوں کے لیے مخصوص پویلین ہوں گے جس میں ڈرامہ، موسیقی اور کہانی سنائی جائے گی۔
ادبی میلے میں مشاعرے کی نشستیں، قوالی کی پرفارمنسز اور ملک بھر کے پبلشرز کی کتابوں کی نمائش کے لیے ایک بڑا کتابی میلہ بھی ہوگا۔