Time 05 فروری ، 2025
پاکستان

کے الیکٹرک کا 220 میگاواٹ ہائبرڈ منصوبہ پاکستان کے قابل تجدید توانائی کے سفر میں اہم سنگ میل

کے الیکٹرک کا 220 میگاواٹ ہائبرڈ منصوبہ پاکستان کے قابل تجدید توانائی کے سفر میں اہم سنگ میل
کے الیکٹرک (KE)ایک پبلک لسٹڈ کمپنی ہے، جس کا قیام 1913ء میں عمل میں آیا__فوٹو: فائل

کے الیکٹرک کے قابل تجدید توانائی کے سفر میں آج ایک اہم پیشرفت اس وقت ہوئی جب ریگولیٹر نے دھابیجی میں 220 میگاواٹ سائٹ نیوٹرل ہائبرڈ پروجیکٹ کی منظوری کیلئے عوامی سماعت کا انعقاد کیا۔ 

یہ پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا سولر ونڈ ہائبرڈ منصوبہ ہے، جس کے لیے 3.09 سینٹ فی کلو واٹ آور کی ملکی تاریخ کی کم ترین ٹیرف بولی موصول ہوئی، جو کینیڈین کمپنی جے سی ایم پاور نے دی ہے۔ اس منصوبے میں 200 ملین امریکی ڈالرز کی غیرملکی سرمایہ کاری متوقع ہے، جو کے الیکٹرک کی قابل تجدید توانائی منصوبوں اور پاکستان کے قابل تجدید توانائی کے وژن پر بین الاقوامی اعتماد کا مظہر ہے۔

کے الیکٹرک نے 2024 میں قابل تجدید توانائی منصوبوں کے لیے انڈسٹری کی پہلی مسابقتی بولی کا عمل متعارف کرایا تھا۔ اس حوالے سے دسمبر 2024 میں بلوچستان میں 150 میگاواٹ کے ونڈر اور بیلہ منصوبوں کی بِڈ ایویلیوایشن رپورٹ (بی ای آر) پر سماعت ہوئی۔ 

یہ منصوبے کے الیکٹرک کے 640 میگاواٹ قابل تجدید منصوبوں کا حصہ ہے، جس کے تحت 1300 میگاواٹ قابل تجدید توانائی کو جنریشن مکس میں شامل کرکے 2030 تک 30 فیصد توانائی پورٹ فولیو کو قابل تجدید توانائی پر منتقل کیا جائے گا۔ یہ پیشرفت کے الیکٹرک کے وسیع تر قابل تجدید توانائی وژن سے مطابقت رکھتی ہے۔

کے الیکٹرک کے سی ای او مونس علوی نے منصوبے کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ 220 میگاواٹ کا یہ ہائبرڈ سولر۔ ونڈ منصوبہ کے الیکٹرک کے قابل تجدید توانائی کے سفر میں ایک نمایاں قدم ہے، جو ہمارے گرین انرجی وژن اور مستقبل میں پائیدار، قابلِ بھروسہ توانائی کی دستیابی کے عزم کو مزید مستحکم کرتا ہے۔

پاکستان میں اب تک کی سب سے کم ٹیرف بولی اور نمایاں غیرملکی سرمایہ کاری حاصل کرکے یہ منصوبہ نا صرف درآمدی ایندھن پر انحصار کم کرنے میں مدد دے گا بلکہ معاشی استحکام اور ماحولیاتی بہتری میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔ 

یہ منصوبہ سالانہ 7.05 ارب روپے کی متوقع بچت اور 40 ملین ڈالرز کے غیرملکی زرمبادلہ کے دباؤ میں کمی کے ساتھ، معاشی اور ماحولیاتی استحکام میں اہم کردار ادا کرے گا۔ اس کے نتیجے میں ہر سال 2,98,000 ٹن کاربن کے اخراج میں کمی آئے گی، جو پاکستان میں قابل تجدید توانائی کی جانب منتقلی کے سفر میں کے۔الیکٹرک کے کلیدی کردار کو مزید مستحکم کرے گا۔

مزید خبریں :