07 فروری ، 2025
شمالی وزیرستان کے علاقے حسن خیل میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن میں 12 خوارج ہلاک ہوگئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک جوان شہید ہوا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق لانس نائیک محمد ابراہیم نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ہلاک خوارج سکیورٹی فورسز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں اور شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے، مارے گئے خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود دیگر ممکنہ خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، سکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں، بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید تقویت دیتی ہیں۔
شمالی وزیرستان میں فورسز کے آپریشن پر قائم مقام صدر یوسف رضا گیلانی نے سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
ایوان صدر کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق قائم مقام صدر نے خوارج کے خلاف کارروائی میں شہید ہونے والے لانس نائیک محمد ابراہیم کو بھی خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
قائم مقام صدر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ دہشت گردوں کے مکمل خاتمے تک سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی، دہشت گردوں کے خاتمے اور ملکی دفاع کے لیے ہمارا عزم غیر متزلزل ہے۔