07 فروری ، 2025
پاک بحریہ کے زیر اہتمام نویں کثیرالقومی بحری امن مشق کا آغاز ہوگیا۔
کراچی میں ہونے والی مشقوں میں 60 سے زائد ممالک اپنے بحری اور فضائی جہازوں، اسپیشل آپریشن فورسز، میرینز کی ٹیموں اورمندوبین کے ساتھ شرکت کررہے ہیں۔
مشق کا باقاعدہ آغاز شریک ممالک کی پرچم کشائی کی تقریب سے ہوا۔ کمانڈر پاکستان فلِیٹ رئیر ایڈمرل عبدالمنیب تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔
تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ کسی ایک ملک کی یہ طاقت نہیں کہ وہ اکیلے چیلنجز سے نبردآزما ہوسکے، امن مشق دنیا بھر کے ممالک کو انہیں خطرات اور چیلنجز سے نپٹنے کیلئے مل کر کام کرنے کی دعوت دیتی رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ رواں سال امن مشق میں پہلی مرتبہ امن ڈائیلاگ کا اضافہ کیا گیا ہے، ان ڈائیلاگ سے ایک دوسرے کے اشتراک سےسمندر کو درپیش متفرق معاملات کو بہتر انداز میں ہینڈل کرسکیں گے۔
نویں آگزیلری اسکواڈرن کے کمانڈر کموڈور عمر فاروق نے حاضرین کو چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف کا استقبالیہ پیغام پڑھ کر سنایا جس کے بعد پرچم کشائی کی تقریب ہوئی۔
استقبالیہ پیغام کے بعد پاک بحریہ کے جوانوں پرمشتمل پرچم پارٹی شریک ممالک کے جھنڈوں کے ساتھ پنڈال میں داخل ہوئی۔ پاکستان کے قومی ترانے کی دھن کے ساتھ مشق امن 2025 میں شریک تمام ممالک کے پرچم فضا میں بلند کیےگئے۔
پاک نیوی کے مطابق پاک بحریہ کی امن مشقوں کا مقصد خطے کا بحری استحکام، مشترکہ کاروائیوں کی صلاحیتوں میں اضافہ، آپریشنل تیاری اور پاکستان کے مثبت تصور کو اجاگر کرنا ہے، دنیا کے ہر خطے سے بہترین بحری افواج کو ایک جگہ اکٹھا کرنا یقیناً پاکستان اور پاک بحریہ کیلئے بڑا اعزاز ہے۔