Time 07 فروری ، 2025
پاکستان

دوسرا اعلیٰ سطح کا دورہ، بنگلادیشی نیول چیف کی پاکستانی عسکری قیادت سے ملاقاتیں

آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے بنگلا دیشی بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد نظم الحسن نے ملاقات کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے بنگلا دیشی بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد نظم الحسن نے جی ایچ کیو راولپنڈی کا دورہ کیا۔

جہاں انہوں نے پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق حال ہی میں بنگلا دیش کی مسلح افواج کی جانب سے یہ دوسرا اعلیٰ سطح کا دورہ پاکستان ہے۔ ملاقات کے دوران دونوں جانب سے باہمی دلچسپی کے امور، موجودہ علاقائی سکیورٹی کی صورتحال اور دو طرفہ دفاعی اور سکیورٹی تعاون کو بڑھانے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایڈمرل محمد نظم الحسن نے علاقائی امن و استحکام کیلئے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے بالخصوص کثیر القومی میری ٹائم مشق امن 2025 اور امن ڈائیلاگ کے انعقاد کو سراہا۔ انہوں نے خطے میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کی مسلح افواج کی کوششوں کو بھی سراہا۔

قبل ازیں بنگلا دیش کے نیول چیف ایڈمرل ایم نظم الحسن نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا سے ملاقات کی۔

ملاقات میں خطے کی صورتِحال، باہمی اسٹریٹجک مفادات، بحری تعاون اور دوطرفہ دفاعی تعاون بڑھانے پر غور کیا گیا۔

جوائنٹ اسٹاف ہیڈکوارٹر آمد پر تینوں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔

خیال رہے کہ جنوری میں بنگلا دیش کی مسلح افواج کے پرنسپل اسٹاف آفیسر (پی ایس او) لیفٹیننٹ جنرل قمر الحسن نے وفد کے ہمراہ پاکستان کا دورہ کیا تھا اور عسکری قیادت سے ملاقاتیں کی تھیں۔

مزید خبریں :