Time 08 فروری ، 2025
پاکستان

کراچی میں واٹر ٹینکر نے ایک اور موٹر سائیکل سوار کی جان لے لی

کراچی میں ٹریفک حادثے نے ایک اور زندگی چھین لی، رواں سال اب تک ہیوی گاڑیوں کی زد میں آکر 33 افراد موت کے منہ میں جاچکے۔

کراچی کے علاقے گل بائی کے قریب واٹر ٹینکر کی زد میں آکر 40سالہ شخص جاں بحق ہوگیا۔

واقعے کی سی سی ٹی وی ویڈیو بھی سامنے آگئی۔

ویڈیو میں حادثے کی بنیادی وجہ بھِی دیکھی جاسکتی ہے کہ ایک بس مسافروں کو اُتارنے کیلئے اچانک سڑک کے بیچوں بیچ روکی جاتی ہے جس کے باعث عقب میں آنے والا ایک موٹر سائیکل سوار پھسل کر نیچے گرتا ہے جبکہ ساتھ چلنے والا دوسرا موٹر سائیکل سوار اُسے بچاتے ہوئے برابر سے گزرنے والے واٹر ٹینکر کے نیچے آجاتا ہے۔

 حادثے کے بعد ٹینکر ڈرائیور موقع پر ہی ٹینکر چھوڑ کر فرار ہوگیا جبکہ بس ڈرائیور بھی اپنی بس کو بھگا لے گیا۔

جاں بحق شخص کی شناخت 40 سالہ عبدالرحمان کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس نے واٹر ٹینکر کو تحویل میں لے کر تھانے منتقل کردیا ہے جبکہ فرارڈرائیور کی گرفتاری کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔

کراچی میں ٹریفک نظام کی بربادی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ اس سال جنوری سے اب تک ہیوی گاڑیوں کے مختلف حادثات میں 33افراد جاں بحق ہوچکے جن میں 10 افراد ٹریلر، 8 افراد ڈمپر، 8 افراد واٹر ٹینکر، 6 بس اور ایک منی بس کی ٹکر سے جاں بحق ہوئےہیں۔

مزید خبریں :