09 فروری ، 2025
شریک حیات سے اپنے تعلق کو مضبوط اور خوشگوار بنانا چاہتے ہیں تو خوش مزاجی کو عادت بنالیں۔
یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی۔
جرنل سائنٹیفک رپورٹس میں شائع تحقیق میں بتایا گیا کہ بے فکری پر مبنی خوشی مزاجی سے جوڑوں کے درمیان تعلق مضبوط ہوتا ہے جبکہ حسد سے بچنا آسان ہو جاتا ہے۔
تحقیق کے مطابق جوڑوں کی خوش مزاجی اور مزاح سے ہر قسم کی صورتحال پر قابو پانا آسان ہو جاتا ہے۔
تحقیق میں بتایا گیا کہ جوڑوں کا ایک دوسرے سے تعلق کا انداز رشتے کی مضبوطی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
محققین کے مطابق ہمارا اندرونی مزاج شریک حیات سے تعلق کو مضبوط یا کمزور بنانے کے لیے اہم ہوتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ خوش مزاجی کے مقابلے حسد ایسا عنصر ہے جو کسی بھی تعلق کو تباہ کر دیتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جب کوئی فرد حسد کرنے لگتا ہے تو شریک حیات سے دوری بڑھنے لگتی ہے جبکہ شک اور دیگر جذبات تعلق ختم ہونے کا خطرہ بڑھاتے ہیں۔
محققین نے کہا کہ خوش مزاجی اور حسد ایسے 2 اہم عناصر ہیں جو کسی تعلق کو مضبوط یا کمزور بنانے میں اہم ترین کردار ادا کرتے ہیں۔
تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ جو افراد زیادہ خوش مزاجی اور زندہ دلی کا مظاہرہ کرتے ہیں وہ اپنے شریک حیات سے زیادہ مضبوطی سے جڑ جاتے ہیں۔
درحقیقت خوش مزاجی شریک حیات سے تعلق کے حوالے سے زیادہ بااعتماد بناتی ہے۔
تحقیق کے مطابق خوش مزاجی حسد پر بھی اثرانداز ہوتی ہے اور اس میں کمی آتی ہے۔
خوش مزاج افراد پرسکون رہتے ہیں اور جذباتی حسد کا سامنا نہیں کرتے اور اگر رشتے کو کوئی خطرہ محسوس ہو تو اداسی یا اشتعال کا مظاہرہ فوری طور نہیں کرتے۔