10 فروری ، 2025
سوشل میڈیا پر ایک مچھلی کی تصویر وائرل ہوئی ہے جو عام طور پر کبھی دن میں سمندر کی سطح پر نظر نہیں آتی۔
ایک این جی او Condrik Tenerife سے تعلق رکھنے والے بحری حیات کے ماہرین نے بلیک ڈیول اینگلر نامی مچھلی کو اسپین کے شہر Tenerife کے ساحل کے قریب دیکھا۔
سوال یہ ہے کہ اس میں خاص بات کیا ہے؟
تو یہ جان لیں کہ یہ واقعی خاص ہے کیونکہ یہ مچھلی سمندر کی گہرائی میں 200 سے 2 ہزار میٹرز گہرائی میں پائی جاتی ہے۔
Laia Valor نامی ماہر نے اس مچھلی کو 26 جنوری کو شارکس کی ایک قسم پر تحقیق کے دوران دیکھا۔
انہوں نے دیکھا کہ بلیک ڈیول مچھلی سمندر کی سطح پر عمودی انداز سے تیر رہی ہے۔
درحقیقت یہ دنیا میں پہلی بار ہے جب کسی بالغ بلیک ڈیول مچھلی کو دن کی روشنی میں سمندر کی سطح پر دیکھا گیا، کم از کم ماہرین کا تو یہی دعویٰ ہے۔
Laia Valor نے بتایا کہ ان کی ٹیم نے مچھلی کے ساتھ کچھ گھنٹے گزارے جس کے بعد وہ مر گئی۔
اس سے قبل صرف مردہ بالغ بلیک ڈیول مچھلیوں کو سمندر کی سطح کے قریب دریافت کیا گیا ہے۔
Laia Valor کا کہنا تھا کہ یہ بہت نایاب تجربہ تھا اور ہم یہ کبھی نہیں جان سکتے کہ آخر یہ مچھلی گہرے سمندر سے سطح پر کیوں آئی۔