11 فروری ، 2025
کراچی: شہر میں ہیوی ٹریفک جلائے جانے کے واقعات کے خلاف ٹرانسپورٹرز احتجاج پر اتر آئے۔
جیونیوز کے مطابق ٹرانسپورٹرز نے احتجاج کرتے ہوئے شہر کے داخلی راستے بند کردیے جس کے باعث پورٹ قاسم، حب چوکی اور نیو سبزی منڈی کے مقام پر سڑک بند کردی گئی جب کہ ٹرانسپورٹر نے حکومت سے تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
ٹرانسپورٹرز کے احتجاج کے باعث مرکزی شاہراہ بند ہونے سے دیگر شہروں سے کراچی آنے والوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
دوسری جانب ڈمپر اور ٹینکرز جلائے جانے کے واقعات پر وزیر داخلہ نے ایڈیشنل آئی جی سے رپورٹ طلب کرلی۔
وزیر داخلہ سندھ ضیاءالحسن لنجار نے ایڈیشنل آئی جی کو گاڑیاں نذر آتش کرنے کے واقعات کی تحقیقات کرنے کا حکم دیا اور کہا کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی، حکومت ٹریفک حادثات پر قابو پانے کے لیے اقدامات کررہی ہے۔