11 فروری ، 2025
ڈاکٹر زیلاف منیر پاکستان بزنس کونسل (پی بی سی) کی پہلی خاتون چیئرپرسن منتخب ہوگئیں۔
پی بی سی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے 7 فروری کے اجلاس میں ڈاکٹر زیلف منیر کو 18 ماہ کی مدت کے لیے نیا چیئرپرسن منتخب کیا۔
اس سے قبل ڈاکٹر زیلف پی بی سی کی وائس چیئرپرسن کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکی ہیں۔ انہوں نے گیٹرون (انڈسٹریز) لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شبیر دیوان کی جگہ یہ عہدہ سنبھالا ہے۔
بورڈ نے گل احمد ٹیکسٹائل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر زیاد بشیر کو بھی بطور وائس چیئرمین منتخب کیا۔
پاکستان بزنس کونسل کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں عبدالصمد داؤد، اعظم فاروق، دانش اے لاکھانی، محمد علی آر حبیب، محمد علی ٹبہ، محمد عارف حبیب، رضوان دیوان، سائرہ اعوان ملک، سمیر چنائے، سید حیدر علی، تیمور داؤد، یوسف حسین، زید بشیر اور ڈاکٹر زیلاف منیر کو شامل کیا گیا ہے اور ان کی مدت 3 سال ہوگی۔
ڈاکٹر زیلاف منیر انگلش بسکٹ مینوفیکچررز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کی منیجنگ ڈائریکٹر اور سی ای او ہیں۔ اِس حیثیت میں ڈاکٹر زیلاف نے مقامی صنعت اور جدت کے فروغ کے ساتھ ساتھ ملک میں مختلف صنعتوں کے اجتماعی مفادات کو آگے بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔ وہ پاکستان ایڈورٹائزرز سوسائٹی کی چیئرپرسن بھی رہ چکی ہیں۔
پاکستان بزنس کونسل کی پہلی خاتون چیئرپرسن منتخب ہونے پر ڈاکٹر زیلاف کا کہنا تھا کہ ایسے نازک معاشی دور میں پاکستان بزنس کونسل کی قیادت کرنا اعزاز کی بات ہے اور کونسک ہمیشہ ایسی پالیسیوں کی وکالت میں پیش پیش رہی ہے جو پائیدار کاروباری ترقی، برآمدات میں اضافے اور پاکستان کی صنعتی و مینوفیکچرنگ صلاحیتوں کو مضبوط بنانے میں مدد دیتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اِن مقاصد کے حصول کے لیے کاروباری رہنماؤں کے ساتھ مل کر کام کرنے کی منتظر ہوں تاکہ پاکستان کے اقتصادی مستقبل کو مزید مستحکم بنایا جا سکے۔
خیال رہے کہ پاکستان بزنس کونسل ایک وسیع الشعبہ کاروباری وکالت کا ادارہ ہے جو قومی اور بین الاقوامی کمپنیوں سمیت نجی شعبے کی 100 سے زائد معروف کمپنیوں پر مشتمل ہے۔