Time 11 فروری ، 2025
پاکستان

آئی ایم ایف وفد کی ملاقات، چیف جسٹس نے جوڈیشل کمیشن سے متعلق آئینی پیشرفت و اصلاحات پر روشنی ڈالی

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی سے عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) وفد کی ملاقات کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق جوئیل ترکویٹزکی قیادت میں آئی ایم ایف وفد نے چیف جسٹس سے ملاقات کی، چیف جسٹس نے وفد کا خیرمقدم کیا اور عدالتی کارکردگی بہتربنانے کیلئے جاری کوششوں کا جائزہ پیش کیا۔

چیف جسٹس نے کہا عدلیہ آزاد ادارہ ہے اوربطور سربراہ اس کی خودمختاری کا تحفظ ان کی ذمہ داری ہے، عام طورپرعدلیہ کا ایسے مشنز سے براہ راست رابطہ نہیں ہوتا۔

ملاقات میں چیف جسٹس نےجوڈیشل کمیشن سے متعلق اہم آئینی پیش رفت اور اصلاحات پر روشنی ڈالی اور اعلیٰ سطح کی عدالتی تقرریاں، عدالتی احتساب اور جوڈیشل کمیشن کی تنظیمِ نوکے بارے میں بتایا۔

چیف جسٹس نے عدلیہ اورپارلیمانی کمیٹی کے انضمام کے فوائد پر روشنی ڈالی اور کہاکہ نیشنل جوڈیشل پالیسی میکنگ کمیٹی کے آئندہ اجلاس کیلئے ایک اہم ایجنڈا بن رہا ہے۔

اعلامیے کے مطابق نیشنل پالیسی میکنگ کمیٹی کا حتمی ایجنڈا فروری کے آخری ہفتے میں متوقع ہے، یہ ایجنڈا مختلف شراکت داروں کے ساتھ مشاورت کے بعد ترتیب دیا جارہا ہے۔ اس حوالے سے چیف جسٹس نے کہا کہ مجوزہ ایجنڈے میں کسی بھی اہم تجویزکوشامل کرنے کیلئے دروازے کھلے ہیں جبکہ چیف جسٹس نے وفد کو دعوت دی کہ وہ بھی کوئی کلیدی تجویز پیش کریں۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ملاقات کے دوران عدالتی احتساب اورججوں کے خلاف شکایات کے ازالے کے طریقہ کار پربھی گفتگو کی اور چیف جسٹس نے ایک مضبوط اورمنصفانہ احتسابی عمل کی اہمیت پر زور دیا۔

آئی ایم ایف وفد نے قانونی اور ادارہ جاتی استحکام کو برقرار رکھنے میں عدلیہ کے کردار کو سراہا، گورننس اور احتساب کو مضبوط بنانے کیلئے جاری اصلاحات کی تعریف کی۔

ملاقات کے اختتام پر چیف جسٹس پاکستان نے وفد کو یادگاری تحفہ پیش کیا جو وفد نے خیرسگالی کے اظہارکے طورپرقبول کیا اورچیف جسٹس کا شکریہ ادا کیا۔

مزید خبریں :