12 فروری ، 2025
کراچی میں روس کے قونصل جنرل آندرے وکٹرووچ فیدروف نے کہا ہے کہ امن 2025 عالمی مشقوں کا نعرہ 'امن کیلئے اکٹھ ' مکمل طورپر اس رستہ کا عکاس ہے جس کی انسانیت کو لازمی پیروی کرنا چاہیے۔
جیونیوز کو انٹرویو میں آندرے وکٹرووچ فیدروف نے کہا کہ دوستانہ رویہ، عمدہ میزبانی اور مشقوں میں شریک تمام مندوبین کیلئے احترام اس ایونٹ کی اہمیت کو نمایاں کرتا ہے۔
روس کے قونصل جنرل نے کہا کہ یہ بات خفیہ نہیں کہ مرکزی مواصلاتی راستے اور میری ٹائم مواصلات تمام ریاستوں کی اقتصادی ترقی پر اثرانداز ہوتے ہیں۔ اس لیے میری ٹائم سکیورٹی یقینی بنانا تمام اقوام کی ترقی اور استحکام کوبرقرار رکھنے کیلئے ناگزیر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دنیا میں بدلتے جیو سیاسی حالات اور ٹیکنالوجی کی انتہائی تیزی سے ترقی کے سبب نئے خطرات ابھر رہے ہیں۔ نا صرف علاقائی بلکہ عالمی سطح پر دہشتگردوں کی سرگرمیوں کے نئےطریقے بھی سامنے آرہے ہیں۔ ایسے میں پاکستان عالمی میری ٹائم تحفظ کا نظام بنانے کی توجہ طلب کوشش کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ روسی فیڈریشن پاکستان کے اس اقدام کی نا صرف شکرگزار ہے بلکہ اسے انتہائی اہم سمجھتی ہے اوراسکی مکمل حمایت کرتی ہے۔
ایک سوال پر آندرے فیدروف نے کہا کہ وہ بہت خوش قسمت اور مطمئن ہیں کہ اس تاریخی موقع پرموجود ہیں کیونکہ پاک روس تعلقات بتدریج بہتر ہورہے ہیں اور پچھلے کئی عشروں کے مقابلے میں حالیہ دور سب سے زیادہ مثبت ہے۔
پاک روس سفارتی تعلقات کو دفاعی تعلقات میں بدلنے کے عمل سے متعلق سوال پر قونصل جنرل نے کہا کہ مشترکہ فوجی مشقیں اور دونوں ملکوں کی افواج کے درمیان تبادلے مضبوط تعلقات کو فروغ دیتے ہیں اور خطے میں ابھرتے سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کی استعداد کار کو بڑھاتے ہیں۔خصوصاً دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے ضمن میں باہمی دلچپسی اور عملی رابطے ہیں۔
آندرے فیدروف نے کہا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ اس بات کی متقاضی ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے تمام رکن ممالک مشترکہ کوششیں کریں کیونکہ برے لوگ مجرمانہ منصوبوں کی سازش اور انہیں عملی جامہ پہنانے کیلئے وسط ایشیا، افغانستان اور بدقسمتی سے پاکستان کو استعمال کررہے ہیں۔اس لیے ہمیں تسلیم کرنا چاہیے اور اس بات کو اہمیت دینا چاہیے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کا ایک انسداد دہشتگردی اسٹرکچر موجود ہے۔یہ بہت عمدہ کام کررہا ہے اور ہم معلومات کا تبادلہ بھی کررہے ہیں۔
روسی قونصل جنرل کا کہنا تھا کہ چونکہ دہشتگردی کیلئے رقوم کی فراہمی منظم جرم کی صورت میں منشیات کی اسمگلنگ سے جُڑی ہے،اس لیے ہم پچھلے چند برسوں سے یہ تجویز پیش کررہے ہیں کہ دہشتگردی، منشیات کی اسمگلنگ، مجرمانہ جرائم اور انسانی اسمگلنگ جیسے نئے خطرات سے نمٹنےکیلیے مشترکہ مرکز قائم کیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے پر کام جاری ہے اورتوقع ظاہر کی کہ اسی سال اس منصوبے پر عمل شروع کردیا جائےگا۔
جیو نیوز، جنگ گروپ یا اس کی ادارتی پالیسی کا اس تحریر کے مندرجات سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔