12 فروری ، 2025
پاکستان کی نامور اداکارہ، رائٹر و گلوکارہ جویریہ سعود کا کہنا ہے کہ ہمارے لوگوں میں برانڈڈ کپڑوں کا بہت زیادہ رجحان ہے جو کہ غلط بات ہے۔
حال ہی میں نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے جویریہ سعود نے کہا کہ اگر برانڈ کے کپڑے نہ پہنوں تو لوگ سوالات کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم لوگ میڈیا کے لوگ ہیں اگر ہم اپنی بات کریں تو ہم دنیا گھومے ہوئے ہیں، ہزاروں جگہ پر کام کیا ہے اور بہت لوگوں سے ملاقاتیں کی ہیں۔
اداکارہ نے مزید کہا ہمارے لوگوں کا بھی یہی مسئلہ ہے کہ اگر کہیں عام سے کپڑے پہن کر چلے گئے یا آپ نے برانڈ نہیں پہنا، یا کوئی سستا سا جوڑا پہنا ہوا ہے تو وہاں یہ کہا جاتا ہے کہ بھئی اس میں تو کلاس ہی نہیں ہے۔
جویریہ سعود کہنا تھا کہ کلاس یہ ہوتی ہے آپ 100 روپے کی چیز پہنیں اور لاکھوں روپے کے لگیں، کلاس یہ نہیں ہوتی کہ لاکھوں کے کپڑے پہنے ہوں اور ٹکے کے نہ لگ رہے ہوں۔
اداکارہ کی وائرل ویڈیو پر کئی صارفین نے تبصرے کیے اور اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
صارفین نے جویریہ سعود کو سراہا اور ان کی بات سے اتفاق کرتے ہوئے کمنٹس کیے کہ آج کل لوگ مہنگی چیزوں کی جانب بھاگتے ہیں اور برانڈ برانڈ کرتے ہیں۔