Time 12 فروری ، 2025
دلچسپ و عجیب

وہ خاتون جو پیسے بچانے کیلئے روزانہ ہوائی جہاز پر دفتر آنے جانے لگیں

وہ خاتون جو پیسے بچانے کیلئے روزانہ ہوائی جہاز پر دفتر آنے جانے لگیں
ریچل کور— فوٹو: فائل

اگر آپ کا دفتر آپ کے گھر سے دور ہو تو گھر سے دفتر کا طویل سفر ذہنی تناؤ اور مالی اخراجات دونوں میں اضافے کا سبب بن سکتا ہے جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرنے والوں کے لیے رش کے باعث تاخیر سے پہنچنا بھی ایک مسئلہ ہوتا ہے۔ 

ایسے میں اکثر افراد اپنی رہائش کو دفتر کے قریب منتقل کرلیتے ہیں تاکہ سفر کے اخراجات بچائے جائیں لیکن ملائیشیا میں مقیم ایک بھارتی نژاد خاتون پیسے بچانے کے لیے روزانہ ہوائی جہاز سے دفتر جاتی اور آتی ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی نژاد ریچل کور ملائیشیا میں ایک ائیر لائن کے فنانس آپریشنز ڈیپارٹمنٹ میں اسسٹنٹ منیجر کے طور پر کام کر رہی ہیں جو گھر سےدفتر تک کے اپنے منفرد سفر کی وجہ سے خبروں میں ہیں۔ 

ریچل کور پینانگ میں اپنے گھر سے سپانگ میں اپنے دفتر تک پہنچنے کے لیے تقریباً 400 کلومیٹر  کا فضائی سفر کرتی ہیں۔

ان کا دن صبح 4 بجے شروع ہوتا ہے، وہ 5 بجے تک ائیرپورٹ پہنچتی ہیں اور 6 بجے کی پرواز لیتی ہیں، جو تقریباً 30 سے 40 منٹ دورانیے کی ہوتی ہے، یوں وہ پونے 8 بجے تک دفتر پہنچ جاتی ہیں، شام کو ان کی واپسی بھی اسی طرح ہوتی ہے اور وہ تقریباً ساڑھے 7 بجے گھر پہنچتی ہیں۔

اپنے ایک  انٹرویو میں ریچل نے بتایا کہ وہ اپنے 2 بچوں کے ساتھ زیادہ وقت گزارنے کے لیے روزانہ فلائٹ لینے لگیں، اس سے پہلے وہ کوالالمپور میں کرائے کے گھر میں رہتی تھیں اور صرف ہفتے کے اختتام پر گھر جاتی تھیں، لیکن جب ان کے بچے بڑے ہوئے تو انہیں لگا کہ انہیں بچوں کے ساتھ زیادہ وقت گزارنا چاہیے۔

ریچل نے 2024 کے آغاز میں روزانہ فلائٹ لینے کا فیصلہ کیا جس سے انہیں اپنی ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی میں بہتر توازن قائم کرنے میں مدد ملی۔

 رپورٹ کے مطابق اس وقت ان کے روزانہ کے اخراجات،  دفتر کے قریب گھر لینے کے مقابلے میں کم ہیں، ان کا کہنا ہے کہ پہلے ان کے ماہانہ اخراجات474 امریکی ڈالر تھے، جو اب کم ہو کر 316 ڈالر ہو گئے ہیں۔

مزید خبریں :