Time 14 فروری ، 2025
کھیل

سرفراز احمد نے چیمپئنز ٹرافی کی سیمی فائنلسٹ ٹیموں کی پیشگوئی کر دی

سرفراز احمد نے چیمپئنز ٹرافی کی سیمی فائنلسٹ ٹیموں کی پیشگوئی کر دی
فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد نے چیمپئنز ٹرافی  2025کی سیمی فائنلسٹ ٹیموں کی پیشگوئی کر دی۔

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 19 فروری سے پاکستان میں شروع ہورہی ہے۔ ایونٹ میں بھارت اپنے میچز دبئی میں کھیلے گا۔

ایونٹ کیلئے ٹیموں کی جانب سے بھرپور تیاریاں کی جارہی ہیں۔

2017 میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جیتنے والے کپتان سرفراز احمد نے 19فروری سے شروع ہونے والے ایونٹ کیلئے سیمی فائنلسٹ ٹیموں کی پیش گوئی کر دی۔

سرفراز احمد نے انگلینڈ، جنوبی افریقا اور نیوزی لینڈ کو سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر کرتے ہوئے پاکستان، بھارت، آسٹریلیا اور افغانستان کو ممکنہ سیمی فائنلسٹ ٹیمیں قرار دیا۔

سابق کپتان سرفراز احمد کا کہناہے کہ اگر مجھے چار سیمی فائنلسٹ چننے ہوں، تو میں اس وقت پاکستان، بھارت، آسٹریلیا اور افغانستان کو منتخب کروں گا لیکن میں کسی بھی ٹیم کو نظرانداز نہیں کروں گا۔

سرفراز احمد نے اعتراف کیا کہ پاکستان پر اپنے ہوم گراؤنڈ پر کھیلنے کا دباؤ ہوگا، خاص طور پر کیونکہ وہ دفاعی چیمپئن ہیں اور مداحوں کی توقعات بہت زیادہ ہوں گی۔

سابق کپتان نے خاص طور پر افغانستان کی تعریف کی اور انہیں ایک خطرناک ٹیم قرار دیا، جو ٹورنامنٹ میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

2017 کی چیمپئنز ٹرافی جیتنے والے پاکستانی اسکواڈ میں سے صرف تین کھلاڑی اس وقت ٹیم میں موجود ہیں لیکن سرفراز احمد نے پاکستان کے ٹائٹل جیتنے کے امکانات پر اعتماد کا اظہار کیا۔

سرفراز کا کہنا تھا کہ پاکستان کے پاس ٹائٹل کا دفاع کرنے کا بہت اچھا موقع ہے۔ ٹیم مضبوط نظر آ رہی ہے اور 2017 کے کچھ کھلاڑی اب بھی موجود ہیں، جن میں سب سے اہم بابر اعظم ہیں۔

سرفراز احمد نے پاکستان کی بولنگ لائن اپ کی بھی تعریف کی، خاص طور پر شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف کو دنیا کے بہترین بولرز میں شمار کیا۔

واضح رہے کہ آئی سی سی نے پاکستان کے سابق کپتان سرفراز احمدکو چیمپئنز ٹرافی کا سفیر مقرر کیا ہے۔

مزید خبریں :