Time 14 فروری ، 2025
دلچسپ و عجیب

وہیل نے کشتی سمیت ایک شخص کو سالم نگل کر اگل دیا، دنگ کر دینے والی ویڈیو دیکھیں

تصور کریں آپ سمندر میں چھوٹی کشتی یا کیاک میں سفر کر رہے ہوں اور اچانک آپ خود کو کسی عظیم الجثہ وہیل کے منہ میں پائیں تو کیا ہوگا؟

یقین کرنا مشکل ہوگا مگر جنوبی امریکی ملک چلی میں ایک فرد کو حقیقت میں اس تجربے کا سامنا ہوا۔

یہ واقعہ چلی کے خطے Patagonia کے ساحلی علاقے میں پیش آیا جہاں وہ شخص چھوٹی کشتی میں سمندری سفر سے لطف اندوز ہو رہا تھا، اچانک ہمپ بیک وہیل نے اسے سالم نگل لیا۔

مگر وہیل نے فوراً ہی اس فرد کو منہ سے اگل بھی دیا اور اسے کوئی نقصان نہیں پہنچا، تاہم یہ حیرت انگیز واقعہ کیمرے کی آنکھ میں محفوظ ہوگیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ دنوں Adrián Simancas اپنے والد کے ساتھ آبنائے Magellan میں کشتی رانی میں مصروف تھے جب ہمپ بیک وہیل سطح پر نمودار ہوئی۔

وہیل نے Adrián Simancas اور ان کی پیلی کشتی کو چند سیکنڈز کے لیے نگل لیا اور پھر اگل دیا۔

Adrián Simancas کے والد وہاں قریب ہی ایک اور کشتی پر موجود تھے اور انہوں نے اس لمحے کی ویڈیو بنالی۔

جب وہیل نے Adrián Simancas کو اگل دیا تو والد نے چیخ کر کہا کہ 'پرسکون رہو، پرسکون رہو'۔

Adrián Simancas نے بتایا کہ 'مجھے لگا تھا کہ میں مرنے والا ہوں، مجھے لگا کہ اس نے مجھے سالم نگل لیا ہے'۔

انہوں نے بتایا کہ چند سیکنڈز کے اس دہشتناک تجربے کے بعد اصل خوف اس وقت محسوس ہوا جب وہ وہیل کے منہ سے باہر نکلے، انہیں ڈر تھا کہ یہ وہیل نے والد کو نقصان پہنچا سکتی ہے یا ہمیں تند و تیز لہروں کی جانب دھیل سکتی ہے۔

مگر ان کے والد تمام وقت پرسکون رہے اور Adrián Simancas کے مطابق 'جب میں اوپر آکر تیرنے لگا، تو مجھے ڈر تھا کہ میرے والد کے ساتھ کچھ برا نہ ہوگیا ہو'۔

مگر کچھ دیر کے بعد وہ اپنے والد کی کشتی تک پہنچ گئے اور ساحل پر واپس آگئے، دونوں کو کوئی نقصان نہیں پہنچا تھا۔

مزید خبریں :