15 فروری ، 2025
بالی وڈ کے معروف موسیقار اور گلوکار وشال ددلانی حادثے میں زخمی ہوگئے جس کی وجہ سے ان کا کنسرٹ بھی ملتوی کر دیا گیا۔
بھارتی میڈیا کےمطابق جمعرات کو یہ خبر سامنے آئی کہ گلوکار وشال ددلانی ایک حادثے میں زخمی ہوئے اور ان کا علاج جاری ہے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ ابھی تک حادثے کی مزید تفصیلات یا علاج کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں، تاہم وشال ددلانی نے خود انسٹاگرام پر اپنے حادثے کے بارے میں مداحوں کو آگاہ کیا۔
وشال نے انسٹاگرام اسٹوری میں بتایا کہ یہ ایک معمولی حادثہ تھا، میں جلد واپس آؤں گا، جلد ہی پونے میں ملتے ہیں۔
واضح رہے کہ گلوکار وشال کو ساتھی شیکھر کے ساتھ 2مارچ کو پونے میں کنسرٹ میں پرفارم کرنا تھا، تاہم حادثے کے باعث ان کا شو ملتوی کر دیا گیا ہے۔
حادثے کے بعد کنسرٹ کے منتظمین نے انسٹاگرام پر پوسٹ کرتے ہوئے بتایا کہ ہمیں افسوس کے ساتھ مطلع کرنا پڑ رہا ہے کہ طویل انتظار کے بعد ہونے والا میوزک کنسرٹ جس میں مشہور جوڑی وشال اور شیکھر کو پرفارم کرنا تھا، اب ملتوی کر دیا گیا ہے۔
منتظمین نے بتایا کہ یہ فیصلہ وشال کے ایک حادثے کا شکار ہونے اور زیر علاج ہونے کی وجہ سے کیا گیا ہے۔ ہم اس تکلیف دہ صورتحال پر معذرت خواہ ہیں۔ کنسرٹ کی نئی تاریخ کا اعلان جلد ہی کیا جائے گا۔