Time 15 فروری ، 2025
انٹرٹینمنٹ

گہری رنگت کی وجہ سے والدہ نے وائٹنگ انجکشنز لگوانے کا مشورہ دیا، اداکارہ نینا کا انکشاف

گہری رنگت کی وجہ سے والدہ نے وائٹنگ انجکشنز لگوانے کا مشورہ دیا، اداکارہ نینا کا انکشاف
نینا نے شوبز کا سفر او ٹی ٹی پلیٹ فارم سے شروع کیا، انہوں نے ہدایتکار کاشف نثار کی ویب سیریز مسٹر اینڈ مسز شمیم سے شروعات کی تھی— فوٹو:فائل

حال ہی میں جیو ڈیجیٹل کو دیے گئے ایک انٹرویو میں اداکارہ نینا بلیک نے گہری رنگت، شوبز انڈسٹری کے رویے اور اپنی نجی زندگی سے متعلق کھل کر بات کی ہے۔

اس سوال کے جواب پر نینا نے کہا کہ میں بچپن سے ہی اپنی رنگت کی وجہ سے کافی تنقید برداشت کرتی آئی ہوں، میں شروع سے ہی اسپورٹس میں کافی دلچسپی رکھتی تھی تو کھبی اپنی گہری رنگت کو سنجیدہ نہیں لیا، آٹھویں جماعت میں پہلی دفعہ سوشل میڈیا اکاؤنٹ بنایا، اس اکاؤنٹ پر اپنے نام کے ساتھ بلیک لگایا اور تب سے یہ میرے نام کے ساتھ جڑا ہوا ہے۔

ادکارہ نے مزید کہا کہ ’نینا بلیک‘ ہی ان کا حقیقی نام ہے۔

نینا نے شوبز کا سفر او ٹی ٹی پلیٹ فارم سے شروع کیا، انہوں نے ہدایتکار کاشف نثار کی ویب سیریز مسٹر اینڈ مسز شمیم سے شروعات کی تھی۔

اداکارہ نے بتایاکہ مجھے ویب سیریز قاتل حسیناؤں کے نام میں لیڈ رول کی آفر کی گئی تھی لیکن پھر میرا کردار کسی اور اداکارہ کو دے دیا گیا، اس کی جگہ مجھے ایک سائیڈ کریکٹر آفر کیا گیا جو میں نے قبول کرلیا۔ 

ادکارہ نے کہا کہ ان کی جگہ جنہیں لیڈ کریکٹر آفر کیا گیا تھا وہ بھی بہت کمال کی فنکارہ ہیں اور انہوں نے ہدایتکار مینو گوئیر کے ساتھ ویب سیریز ’چڑیلز‘ میں کام کیا تھا جس کی وجہ سے او ٹی ٹی پلیٹ فارم  ان کے ساتھ کام کرنے میں زیادہ مطمئن تھا۔ البتہ پھر مجھے ہدایتکار مینو گوئر کی ٹیم نے رابطہ کیا اور معذرت کرکے دوسرے کردار کی پیشکش کی، جو میں نے بخوشی قبول کرلی، ایسا تو ہوتا رہتا ہے۔

شوبز کی دنیا اور بیوٹی اسٹینڈرڈز پر بات کرتے ہوئے نینا نے کہا کہ پاکستانی انڈسٹری ماضی میں زیادہ پروگیسیو تھی اور گورا رنگ نہ ہونے کے باوجود اداکارائیں مرکزی کرداروں میں دکھائی دیتی تھیں۔

’ہمارے پاس صنم بلوچ جیسا معصوم چہرہ اور آمنہ شیخ جیسی سانولی رنگت رکھنے والی اداکارائیں مرکزی کرداروں میں دکھائی دیتی تھیں اب ایسا نہیں ہے اب ہم اسکرپٹ اور پرفارمنس کے بجائے لُکس پر توجہ دیتے ہیں۔ مجھے ایسا لگتا ہے کہ ہماری انڈسٹری اس معاملے میں پہلے پروگریسیو ہوا کرتی تھی لیکن اب ہم ریگریسیو ہوتے جارہے ہیں‘۔

بیوٹی اسٹینڈرڈز پر بات کرتے ہوئے اداکارہ کا کہنا تھا کہ فلرز کروانا یا وائیٹننگ انجکشنز لگوانا کوئی بری بات نہیں یہ سب کا ذاتی فیصلہ ہے جوجیسے خوش ہے اسے رہنے دیں۔

اس پر ان سے پوچھا گیا کہ آپ کو کبھی کسی نے فلرز یا وائیٹننگ انجکشنز لگوانے کا مشورہ دیا ہے؟ نینا نے بتایا کہ بہت بار ایسا ہوا ہے، ابھی حال ہی میں میری والدہ نے مجھے کہا کہ جب تمہیں پتہ ہے کہ یہ تمہارے کام کی ڈیمانڈ ہے تو تم بھی کیوں نہیں کروالیتیں؟ میں جیسی بھی رنگت کی مالک ہوں مجھے میری رنگت پسند ہے، یہ بات انتہائی ناگوار گزرتی ہے جب کوئی سامنے سے آکر کہے کہ ایسا کرلو، میں اگر سانولی ہوں تو مجھے ایسے رہنا ہی پسند ہے میں کسی اور کی پسند کے سانچے میں فٹ ہونے کیلئے اپنے آپ کو تبدیل نہیں کرسکتی۔

اداکارہ ان دنوں یمنیٰ زیدی کے ساتھ نجی ٹی وی چینل کے ایک ڈرامے میں نظر آرہی ہیں جس میں انہیں یمنیٰ کی دوست کا کردار کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

مزید خبریں :