16 فروری ، 2025
ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما اور ممبر قومی اسمبلی فاروق ستار کا کہنا تھا کراچی میں پہلے ٹرانسپورٹ مافیا تھا اب ڈمپر مافیا کو کھلی چھوٹ دے دی گئی ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فاروق ستار کا کہنا تھا کراچی کے شہری ڈمپر مافیا کی بے رحمی کا شکار بن رہے ہیں، شہر میں ایک بار پھر مہاجر پختون فسادات کی راہ ہموار کی جا رہی ہے، مقصد ہے کہ شہر میں اشتعال انگیزی ہو، ماضی میں بھی اس طرح کے حالات پیدا کئے گئے تھے۔
مہاجر قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما آفاق احمد کی گرفتاری کی مذمت اور رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے فاروق ستار کا کہنا تھا اگر آفاق احمد یہ بیان نہ بھی دیتے تو یہ ہونا تھا، آفاق احمد کو گرفتار کرنے سے یہ معاملہ حل نہیں ہو گا، لوگوں میں اس وقت غم و غصہ ہے، ہم نے شہر میں آگ لگنے کو روک رکھا ہے۔
فاروق ستار کا کہنا تھا سندھ حکومت اقتدار کی آڑ میں بدعنوانی اور مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کر رہی ہے، سندھ حکومت کا ظلم اور ناانصافی جاری ہے، اگر لوگوں کے زخموں پر مرہم نہ رکھی گئی تو کسی بھی وقت لاوا پھٹ سکتا ہے۔
رہنما ایم کیو ایم پاکستان کا کہنا تھا کسی سیاسی جماعت میں اگر مافیا ہے تو اس کو ختم ہونا چاہیے، صدر پاکستان آصف علی زرداری اور چیئرمی پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے اپیل کرتا ہوں کہ کوئی شروعات کریں، لوگ اس وقت تنگ اور سیاست سے بے زار ہیں، آپ کراچی کے سیوریج پر کام کریں ہم سڑکیں بناتے ہیں۔
فاروق ستار کی پریس کانفرنس سے واضح ہوا کہ ایم کیو ایم امن نہیں چاہتی: ترجمان سندھ حکومت
ترجمان سندھ حکومت سعدیہ جاوید نے فاروق ستار کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کراچی کے عوام ایم کیوایم کی نفرت او تقسیم کی سیاست کو رد کر چکے، ایم کیو ایم کی تعصب اور نفرت کی سیاست کا جنازہ نکل چکا ہے۔
سعدیہ جاوید کا کہنا تھا عوام ایم کیو ایم کے ڈراموں کو مسترد کر چکے، اب چیخ و پکار بھی انہیں دوبارہ زندہ نہیں کر سکتی، فاروق ستار کی پریس کانفرنس سے واضح ہوا کہ ایم کیو ایم امن نہیں چاہتی۔
ان کا کہنا تھا کراچی کے عوام نے بوری بند لاشوں، بھتہ خوری اور نفرت کی سیاست کو دفن کر دیا ہے، سندھ حکومت نے ٹریفک حادثات کی روک تھام کے لیے اقدامات کیے ہیں۔