Time 21 فروری ، 2025
جرائم

مصطفیٰ قتل کیس: ارمغان کا جعلی شناختی کارڈ بھی پکڑا گیا، اصل شناختی کارڈ بلاک نکلا

مصطفیٰ قتل کیس: ارمغان کا جعلی شناختی کارڈ بھی پکڑا گیا، اصل شناختی کارڈ بلاک نکلا
 تفتیشی حکام کے مطابق ملزم ارمغان نے ثاقب ولد سلمان علی کے نام سے شناختی کارڈ بنوا رکھا تھا۔ فوٹو فائل

کراچی: مصطفیٰ عامر قتل کیس کے مرکزی کردار ارمغان قریشی کا ایک جعلی شناختی کارڈ بھی پکڑا گیا ہے، ملزم کا اصل شناختی کارڈ مختلف کیسز میں اشتہاری ہونے کے باعث بلاک تھا۔

 تفتیشی حکام کے مطابق ملزم ارمغان نے ثاقب ولد سلمان علی کے نام سے شناختی کارڈ بنوا رکھا تھا اور جعلی شناختی کارڈ پر ارمغان کے اصلی شناختی کارڈ کی تفصیلات شامل کی گئی تھیں۔

تفتیشی حکام کے مطابق یہ کارڈ چونکہ جعلی ہے اس لیے اس کا نادرا میں کوئی ریکارڈ نہیں ہے،کارڈ کی کلر فوٹو کاپی موجود ہے جس سے معلوم ہوتا ہے کہ کارڈ خود ڈیزائن کر کے پرنٹنگ کی دکان سے ملزم نے اس کا کلر پرنٹ حاصل کیا ہے۔

تفتیشی حکام نے بتایا کہ ملزم پہلے سے درج مختلف مقدمات میں اشتہاری تھا اس لیے اس کا قومی شناختی کارڈ بلاک تھا،کارڈ بلاک ہونے کی وجہ سے وہ اکثر شریک ملزم شیراز کو ساتھ رکھتا تھا تاکہ اس کا آئی ڈی کارڈ استعمال کرے۔

دوران تفتیش یہ انکشاف بھی ہوا کہ مصطفیٰ کو قتل کرنے کے بعد جب ارمغان نے کراچی سے اسلام آباد اور اسکردو کا سفر کیا تو اس دوران اور اس کے علاوہ بھی ضرورت پڑنے پر وہ شیراز کا آئی کارڈ استعمال کرتا تھا۔

مزید خبریں :