Time 23 فروری ، 2025
پاکستان

پاکستان کے انتخابی نتائج گزشتہ 2 دہائیوں میں کسی بہتری کی جانب گامزن نہیں ہوئے، فافن رپورٹ

فری اینڈ فیئر الیکشن نیٹ ورک (فافن) نے پاکستان کے انتخابات میں نمائندگی سال 2002 تا 2024 رپورٹ جاری کردی۔

فافن کے مطابق پاکستان کے انتخابی نتائج گزشتہ دودہائیوں میں کسی بہتری کی جانب گامزن نہیں ہوئے، قومی وصوبائی اسمبلیاں ایک چوتھائی سے بھی کم رجسٹرڈ ووٹرز اور نصف ووٹوں سے منتخب ہورہی ہیں۔

فافن کا رپورٹ میں کہنا ہے کہ 2002 سے2024 تک ہونے والے 5 عام انتخابات میں نمائندگی کا خلا برقرار رہا ہے، 2002 کی قومی اسمبلی کو20 فیصد رجسٹرڈ ووٹرز اور47 فیصد ڈالے گئے ووٹوں کی حمایت حاصل تھی جبکہ 2008 کی اسمبلی کو 22 فیصد رجسٹرڈ ووٹرز اور 50 فیصد ڈالے گئے ووٹوں کی تائید حاصل ہوئی۔

فافن رپورٹ کے مطابق 2013، 2018 اور2024 کی اسمبلیاں26 فیصد، 22 فیصد اور 21 فیصد رجسٹرڈ ووٹرزکی نمائندگی کرتی ہیں، 2013، 2018 اور2024 کی اسمبلیاں 48 فیصد، 43 فیصد اور45 فیصد ووٹوں کی نمائندگی کرتی ہیں۔

فافن نے بتایاکہ 2024 انتخابات میں265 میں سے کسی بھی حلقے کاکوئی امیدوار اکثریتی رجسٹرڈ ووٹرز کی حمایت حاصل نہیں کرسکا، 2024 میں 202 میں کامیاب امیدواروں کو 25 فیصد سے بھی کم رجسٹرڈ ووٹرزکی حمایت حاصل تھی جبکہ 63 حلقوں میں کامیاب امیدواروں کو25 سے50 فیصد ووٹرزکی حمایت ملی۔

فافن کے مطابق 2024 میں صرف 69 حلقوں میں کامیاب امیدواروں نے 50 فیصد سے زائد ووٹ حاصل کیے، 196 حلقوں میں کامیاب امیدواروں کو نصف سے کم ووٹ حاصل ہوئے، صوبائی اسمبلیوں میں صرف 2 حلقوں کے کامیاب امیدواروں نے 50 فیصد سے زائد ووٹ حاصل کیے جبکہ 499 صوبائی حلقوں میں کامیاب امیدواروں کو 25 فیصد سے کم ووٹ پڑے اور صرف107 صوبائی حلقوں میں کامیاب امیدواروں نے 50 فیصد سے زائد ووٹ حاصل کیے۔

مزید خبریں :