24 فروری ، 2025
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہےکہ کراچی حیدرآباد موٹروے کی تعمیر نو پرکام کر رہے ہیں، سکھر حیدرآباد موٹروے اس سال شروع کرنے کو ترجیح بنایا ہے۔
کراچی میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ترقی کی کنجی سیاسی استحکام ہے، کسی سیاسی لانگ مارچ کی نہیں بلکہ اقتصادی لانگ مارچ کی ضرورت ہے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ چاہتے ہیں کہ حیدرآباد سکھر موٹر وے پر اس سال کام شروع کریں،کراچی حیدرآباد موٹر وے کی بھی نئی الائمنٹ کرنا چاہتے ہیں، کراچی حیدرآباد موٹر وے کو پورٹ کے لیے قابل استعمال بنائیں گے، اڑان پاکستان کا ایک پوائنٹ توانائی بھی ہے، سندھ میں قدرت نے ہمیں 400 سال کا کوئلہ دیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ آئین کے تحت برابری کی سطح پر وسائل کی تقسیم کو یقینی بنایا جائے، چولستان کینال سے متعلق سندھ کا موقف واضح ہےکہ سسٹم میں پانی موجود نہیں تو کینال کیسے بن سکتے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ یہ تکنیکی معاملہ ہے اسے سیاسی جنگ بنانے والے اپنے مفادات حاصل کرنا چاہتے ہیں۔