Time 27 فروری ، 2025
جرائم

مصطفیٰ عامر کیس: ملزم ارمغان کا مزید 5 روز کا جسمانی ریمانڈ منظور

مصطفیٰ عامر کیس: ملزم ارمغان کا مزید 5 روز کا جسمانی ریمانڈ منظور
انسداد دہشتگردی عدالت نے ارمغان اور شیراز کے جسمانی ریمانڈ کے ساتھ ان کا میڈیکل کرانے کی ہدایت بھی کردی۔ فوٹو فائل

انسداد دہشت گردی عدالت نے مصطفیٰ عامر اغوا و قتل کیس میں گرفتار ملزم ارمغان قریشی کے جسمانی ریمانڈ میں مزید 5 روز کی توسیع کر دی۔

سرکاری وکیل نے کہا ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی جائے، جبکہ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان نے جس لڑکی پر تشدد کیا اسے تلاش کر لیا ہے، آج لڑکی کا بیان ریکارڈ کرنا ہے، گواہان کے 164 کے بیانات قلم بند کرانے ہیں۔

ملزمان کے وکیل نے جسمانی ریمانڈ کی پولیس کی استدعا کی مخالفت کی جبکہ ملزم ارمغان کا کہنا تھا مجھے مسلسل اذیت میں رکھا جا رہا ہے، مجھے کھانا نہیں دیا جا رہا، 10 دن سے واش روم نہیں جا سکا ہوں، جس پر عدالت نے کہا یہ ممکن نہیں ہے، 10دن باتھ روم نہ جانے والا انسان کھڑا بھی نہیں ہو سکتا۔

ارمغان کے وکیل نے کہا کہ ملزمان یا گواہان کے بیانات قلم بند کرنے سے پہلے ہمیں نوٹس کیا جائے، چار گھنٹے پولیس مقابلہ چلا، والدہ نے ارمغان کو سرینڈر کرایا ان کا بیان قلم بند کرایا جائے، ارمغان کا میڈیکل چیک اپ کرایا جائے۔

تفتیشی افسر کا کہنا تھا متاثرہ لڑکی کا ڈی این اے کرانا ہے جبکہ سرکاری وکیل کا کہنا تھا پورے ملک میں سنسنی پھیلی ہوئی ہے، ملزمان سے منی لانڈرنگ اور منشیات اسمگلنگ کی تحقیقات کرنی ہیں، ملزم انتہائی شاطر ہے انویسٹی گیشن میں تعاون نہیں کر رہا، جب تک تحقیقات مکمل نہیں ہوتیں ملاقات کی اجازت نہ دی جائے۔

ارمغان کے وکیل کا کہنا تھا ملزم اگر 164 سے انکار کرتا ہے تو جیل کسٹڈی کر دیا جاتا ہے، جس پر عدالت نے کہا جب ملزم اعترافی بیان دیتا ہے تو جیل کسٹڈی ہوتی ہے، جس مجسٹریٹ کے سامنے بیان ہوتا ہے وہ بھی قانونی تقاضے جانتا ہے۔

تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ مصطفیٰ عامر قتل کیس کی تحقیقات کے لیے اعلیٰ پولیس حکام نے جے آئی ٹی تشکیل دی ہے، ڈی آئی جی سی آئی اے مقدس حیدر جےآئی ٹی کے سربراہ ہیں۔ 

عدالت نے والدین کو ارمغان سے ملاقات کی اجازت دے دی، جس پر سرکاری وکیل کا کہنا تھا ملزم کو والدین سے ملاقات کی اجازت نہ دی جائے، لڑائی جھگڑا ہو جاتا ہے، عدالت نے کہا اگر کوئی شور شرابا ہو تو فوری آگاہ کیا جائے۔

عدالت نے مصطفیٰ قتل کیس کے ملزمان ارمغان قریشی اور شیراز کے جسمانی ریمانڈ میں 5 دن کی توسیع کر دی کرتےئ ہوئے ملزمان کے میڈیکل چیک اپ کرانے کی ہدایت کر دی۔

مزید خبریں :