Time 27 فروری ، 2025
انٹرٹینمنٹ

عامر خان کا سالوں سے فلموں کیلئے معاوضہ نہ لینے کا انکشاف، پیسہ کس طرح کماتے ہیں؟

عامر خان کا سالوں سے فلموں کیلئے معاوضہ نہ لینے کا انکشاف، پیسہ کس طرح کماتے ہیں؟
جو چیز خاص ہے وہ یہ کہ میں اپنے معاوضے کا بوجھ فلم کے بجٹ پر نہیں ڈالتا : عامر خان کی بھارتی میڈیا سے گفتگو/فوٹوفائل 

بالی وڈ مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان نے انکشاف کیا ہے کہ وہ اپنی فلموں کے بجٹ پر اپنے معاوضے کا بوجھ نہیں ڈالتے۔

حال ہی میں بھارتی میڈیا سے گفتگو کے دوران عامر خان نے بتایا کہ فلم ’تارے زمین پر‘ بناتے وقت کئی آوازیں اٹھی تھیں اور سوال کیا جارہا تھا کہ ناظرین ڈسلیکسیا پر فلم کیوں دیکھیں گے؟ لیکن میں یہ فلم بنانا چاہتا تھا کیوں کہ یہ آئیڈیا مجھے بہت پسند آیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ’جو چیز خاص  ہے وہ یہ کہ میں اپنے معاوضے کا بوجھ فلم کے بجٹ پر نہیں ڈالتا، میری فلمیں 10 سے 20 کروڑ روپے میں بن سکتی ہیں اور اس سے زیادہ  رقم یہ فلمیں کماتی ہیں‘۔

عامر خان نے مزید کہا کہ ’پرافٹ شیئر ماڈل کے تحت پیسہ کماتا ہوں جو کہ فنکاروں کا پیسہ کمانے کا تقریباً پرانا طریقہ ہے جس میں وہ سڑکوں پر پرفارم کرتے اور اُلٹی ٹوپی کے ساتھ گھوم کر تماشائیوں سے پیسے وصول کرتے، اگر تماشائی فنکار کی پرفارمنس پسند کرتے ہیں تو اپنی خوشی سے فنکار کو پیسے ادا کرتے تھے اور اگرنہیں پسند کرتے تو  پیسے دیے بنا چلے جاتے تھے، اسی طرح، اگر میری فلم چلتی ہے تو میں کماتا ہوں اور اگر فلم نہیں چلتی ہے تو میں نہیں کماتا، میں20 سال سے اس ماڈل کو فولو کررہاہوں اور اپنی فلم کیلئے کوئی تنخواہ نہیں لیتا‘۔

فلم ’3 ایڈیٹس ‘ کی مثال دیتے ہوئے بالی وڈ اسٹار نے بتایا کہ ’ آپ میں سے کئی لوگوں نے فلم دیکھی اور  اپنے دوستوں اور خاندان والوں کو اس فلم کو دیکھنے کا مشورہ دیا، اس  فلم نے کافی بزنس کیا اور مجھے  بھی اس شیئر   سے حصہ ملا، میری آمدنی کا انحصار صرف فلم کی تعریف اور اس کے ناظرین کی تلاش پر ہے‘۔

مزید خبریں :