27 فروری ، 2025
سندھ کابینہ نے کراچی کے لیے ڈبل ڈیکر بسوں اور مزید الیکٹریکل بسوں کی پروکیورمنٹ کی منظوری دیدی۔
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن کا پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سندھ کابینہ نے اینٹی نارکوٹکس کو آٹو میٹڈ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، کابینہ سے ڈبل ڈیکر بسز کی منظوری بھی لی ہے جبکہ مزید الیکٹریکل بسوں کی پروکیورمنٹ کی منظوری بھی دی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا وزیراعظم نے وعدہ کیا تھا کہ 180 الیکٹرک بسیں وفاقی حکومت دے گی، وعدے کے مطابق 180 بسیں فراہم کریں، وفاقی حکومت کی جانب سے بسوں کی خریداری کیلئے فنڈ نہیں دیے گئے۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا محکمہ ٹرانسپورٹ خواتین کیلئے فری پنک اسکوٹر دینے جا رہا ہے، جن خواتین کے پاس 2 وہیلر لائسنس ہو گا انہیں اسکوٹر دی جائے گی، ہر ماہ قرعہ اندازی کے ذریعے خواتین کو الیکٹرک بائیکس دیں گے، اسٹوڈنٹ، ملازمت پیشہ خواتین الیکٹرک بائیک کی اہل ہوں گی۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا جن خواتین کو بائیک چلانی نہیں آتی انہیں لیڈی انسٹرکٹر کے ذریعے تربیت دلوائی جائے گی، جن خواتین کو الیکٹرک بائیک ملے گی اسے7 سال تک فروخت نہیں کیا جا سکےگا۔
ایم کیو ایم رہنما فاروق ستار کی پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت پر تنقید سے متعلق سوال پر شرجیل میمن کا کہنا تھا کیا آپ فاروق ستار کی باتوں کو سنجیدہ لیتے ہیں؟ فاروق ستار اور ان کی جماعت کا اس وقت وجود نہیں ہے، لوگوں نے فاروق ستار کو ہر طریقے سے پرکھ لیا۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا فاروق ستار چاہتے ہیں کہ ہم نفرت انگیز بات کریں اور ان کا جواب دیں، فاروق ستار کی جماعت کی کوئی سیاست حیثیت نہیں ہے، ہماری حکومت کا فوکس عوام کو ریلیف دینا ہے۔
صوبائی وزیر کا کہنا تھا ہم نے کے فور کے ڈیزائن پر اعتراض کیا تھا، وزیراعلیٰ اور میں انجینئر ہیں اور ہمارا اعتراض درست ثابت ہوا۔