28 فروری ، 2025
دبئی: رمضان المبارک کے آغاز پر دبئی پولیس نے "عقلمندی سے عطیہ دیں" کے عنوان سے ایک آگاہی مہم شروع کی ہے۔
اس مہم کا مقصد عوام کو پیشہ ور گداگروں کے دھوکے سے بچانا اور مستحق افراد کی صحیح طریقے سے مدد کو یقینی بنانا ہے۔
پولیس نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ وہ سڑکوں، مساجد اور عوامی مقامات کے قریب گھومنے والے گداگروں کی جھوٹی کہانیوں کے جھانسے میں نہ آئیں۔
دبئی پولیس کا کہنا ہے کہ یہ پیشہ ور گداگر لوگوں کی ہمدردی کا غلط فائدہ اٹھاتے ہیں اور ان کے عطیات کا غلط استعمال کرتے ہیں۔
پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ عطیات صرف مستند فلاحی اداروں کو دیں اور گداگری کی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں۔
دبئی پولیس کا کہنا ہے کہ ذمہ داری سے عطیات دینے سے نہ صرف کمیونٹی محفوظ رہے گی بلکہ مستحق افراد کو بھی مدد ملے گی۔