28 فروری ، 2025
کراچی کے علاقے بوٹ بیسن پر جھگڑے کے دوران شہری کو تشدد بنانے والے 4 نجی گارڈز کو پولیس نے حراست میں لے لیا جبکہ مرکزی ملزم بلوچستان فرار ہو گیا۔
گزشتہ روز کراچی کے علاقے بوٹ بیسن پر شاہ زین مری اور ان کے سکیورٹی گارڈز کی جانب سے ایک شہری پر تشدد کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آئی تھی، فوٹیج میں شاہ زین مری کو اپنے سکیورٹی گارڈز کے ہمراہ شہری پر تشدد کرتے دیکھا گیا گیا تھا۔
شہری پر تشدد کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آنے کے بعد پولیس حرکت میں آئی اور دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے اس حوالے سے بتایا گیا رات گئے 2 مقامات پر کارروائی کرکے شہری پر تشدد کرنے والے 2 گارڈز کو گرفتار کر لیا گیا ہے، دونوں گارڈز سے 4 جدید ہتھیار برآمد ہوئے ہیں، گرفتار غوث بخش اور جلاد خان، شاہ زین مری کے گارڈز ہیں۔
ڈی آئی جی اسد رضا نے بتایا کہ مرکزی ملزم شاہ زین مری نے گارڈز کے ساتھ مل کر شہری پر تشدد کیا، واقعے کے بعد شاہ زین مری بلوچستان فرار ہو گیا، شاہ زین مری کی گرفتاری کیلئے بلوچستان حکومت سے رابطہ کیا ہے۔
بعد ازاں ڈیفنس کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے شہری پر تشدد میں ملوث مزید 2 نجی گارڈز کو گرفتار کر لیا گیا۔
ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے واقعے میں ملوث مزید 2 گارڈز کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں نظر آنے والی گاڑی کو بھی تحویل میں لے لیا ہے۔