01 مارچ ، 2025
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں آسٹریلیا اور افغانستان کا اہم میچ بارش کی وجہ سے منسوخ ہوا جس کے بعد آسٹریلوی ٹیم سیمی فائنل میں پہنچ گئی لیکن افغان ٹیم کیلئے راستہ انتہائی مشکل ہوگیا۔
جمعہ کو بارش کی وجہ سے افغانستان اور آسٹریلیا کے درمیان آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کا اہم میچ منسوخ ہو گیا۔
لاہور میں آسٹریلیا کے خلاف افغانستان نے 273 رنز بنائے ، آسٹریلیا نے 12.5 اوورز میں ایک وکٹ پر 109 رنز بنا ئے لیکن بارش کے باعث میچ ختم کرنا پڑا۔دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ ملا جس کے بعد آسٹریلیا 4 پوائنٹس کے ساتھ گروپ بی سے سیمی فائنل میں پہنچ گیا۔
افغانستان کے پوائنٹس کی تعداد بھی 3 ہو گئی جبکہ جنوبی افریقا کے بھی 3 پوائنٹس ہیں۔
گروپ بی سے دوسری سیمی فائنلسٹ ٹیم کا فیصلہ آج جنوبی افریقا اور انگلینڈ کے میچ کے بعد ہو گا۔افریقا کے سیمی فائنل میں پہنچنے کا آسان راستہ ہے لیکن وہیں افغانستان کی سیمی فائنل میں پہنچنے کی امیدیں بہت کمزور ہو گئیں۔
افغانستان کی سیمی فائنل میں رسائی کے لیے اسے دعا کرنی ہوگی کہ آج کے میچ میں انگلینڈ جو کہ پہلے ہی ٹرافی کی دوڑ سے باہر ہوگیا وہ جنوبی افریقا کو بڑے مارجن سے ہرائے تاکہ جنوبی افریقا کا رن ریٹ افغانستان سے کم ہوجائے۔
انگلینڈ کو چاہیے کہ وہ جنوبی افریقا کو اگر 301 رنز کا ہدف دیتا ہے تو جنوبی افریقا کو 207 رنز سے شکست دے تاکہ جنوبی افریقا کا نیٹ رن ریٹ افغانستان سے خراب ہو اور افغان ٹیم سیمی فائنل میں جائے۔ جو بظاہر بہت مشکل لگ رہا ہے۔
اگر انگلینڈ، جنوبی افریقا کے خلاف 206 رنز سے بھی جیتتا ہے تو افغانستان اور جنوبی افریقا کا نیٹ رن ریٹ برابر ہو جائے گا۔ اس صورت میں، جنوبی افریقا، افغانستان کے خلاف گروپ میچ میں فتح کی بنیاد پر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر جائے گا۔
اس کے علاوہ اگر انگلینڈ جنوبی افریقا کے دیے گئے ہدف کا تعاقب کر رہا ہو، تو اسے 19 اوورز میں 250 رنز یا 13.3 اوورز میں 150 رنز بنانے ہوں گے تاکہ جنوبی افریقا کے نیٹ رن ریٹ کو نمایاں طور پر کم کیا جا سکے، جو افغانستان کو سیمی فائنل میں کوالیفائی کرنے میں مدد دے سکتا ہے۔
اگر جنوبی افریقا اور انگلینڈ کا میچ بارش کی وجہ سے منسوخ ہوا تو، جنوبی افریقا ایک پوائنٹ حاصل کرکے 4 پوائنٹس کے ساتھ سیمی فائنل میں پہنچ جائے گا۔
بظاہر افغانستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کا امکان بہت مشکل لگ رہا ہے، جنوبی افریقا کے پاس سیمی فائنل میں جانے کا سنہری موقع ہے، یا تو وہ انگلینڈ سے جیت جائے اور یا اگر شکست بھی ہو تو 207 رنز سے کم مارجن سے ہارے۔
واضح رہے کہ گروپ اے سے بھارت اور نیوزی لینڈ پہلے ہی سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کر چکے ہیں۔