Time 02 مارچ ، 2025
کھیل

چیمپئنز ٹرافی: بھارت نے نیوزی لینڈکو 44 رنز سے ہرادیا

چیمپئنز ٹرافی: بھارت نے نیوزی لینڈکو 44 رنز سے ہرادیا
ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں بھارت، نیوزی لینڈ، آسٹریلیا اور جنوبی افریقا پہنچ چکی ہیں__فوٹو: ای ایس پی این

آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں گروپ اسٹیج کے آخری میچ میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو 44 رنز سے شکست دے دی۔

بھارت اور نیوزی لینڈ کے مابین میچ دبئی انٹر نیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا گیا جہاں کیویز نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

بھارتی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 249 رنز اسکور کیے۔

نیوزی لینڈ کے خلاف بھارت کا ٹاپ آرڈر مشکلات کا شکار رہا اور بھارتی ٹیم کے تین کھلاڑی 30 رنز پر ہی پویلین لوٹ گئے، شبھمن گل 2، روہت شرما 15 اور ویرات کوہلی 11 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

بھارت کے شری یاس ایئر نے سب سے زیادہ 79رنز کی اننگ کھیلی، ہاردک پانڈیا نے 2 چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 45 رنز بنائے جبکہ اکثر پٹیل نے 42 رنز اسکور کیے۔ 

نیوزی لینڈ کی جانب سے فاسٹ بولر میٹ ہنری نے شاندار بولنگ اور 42 رنز کے عوض پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

250 رنز کے ہدف کے جواب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم 46 ویں اوور میں205 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے کین ولیمسن 81 رنز بناکر نمایاں رہے ، انہوں نے اپنی اننگز میں 7 چوکے لگائے۔ ان کے علاوہ مچل سینٹنر نے28، ول ینگ نے 22  اور  ڈیرل مچل نے 17 رنز بنائے۔

ٹام لیتھم 14 اور گلین فلپس 12 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

بھارت کی جانب سے  ورون چکرورتی نے 42 رنز دے کر 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ان کے علاوہ کلدیپ یادو نے 2، ہاردک پانڈیا، اکشرپٹیل اور جدیجا نے ایک ایک وکٹ لی۔

بھارت، نیوزی لینڈ، آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کی ٹیمیں ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پہنچ چکی ہیں۔

پہلے سیمی فائنل میں بھارت کا مقابلہ آسٹریلیا سے ہوگا جب کہ  دوسرے سیمی فائنل میں جنوبی افریقا کا مقابلہ نیوزی لینڈ سے ہوگا۔

چیمپئنز ٹرافی کے تمام میچز جیو سوپر سے براہ راست نشر کیے جا رہے ہیں۔

مزید خبریں :