Time 04 مارچ ، 2025
صحت و سائنس

امریکی امداد رکنے سے پولیو کے خاتمےکی مہم متاثر ہوسکتی ہے: عالمی ادارہ صحت

امریکی امداد رکنے سے پولیو کے خاتمےکی مہم متاثر ہوسکتی ہے: عالمی ادارہ صحت
فوٹو: فائل

عالمی ادارہ صحت نے خبردار کیا ہےکہ امریکی امداد  رکنے سے پولیو کے خاتمےکی مہم متاثر ہوسکتی ہے۔

پاکستان اور  افغانستان میں ڈبلیو ایچ او پولیو خاتمہ پروگرام کے ڈائریکٹر حامد جعفری کا کہنا ہےکہ  اس سال پولیو خاتمہ پروگرام کے لیے امریکا سے ملنے والے 13 کروڑ 30 لاکھ ڈالر نہیں ملے، امداد میں کمی جاری رہی تو  پولیو کے خاتمےکی کوششیں تاخیر کا شکار ہوسکتی ہیں اور معذور بچوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔

حامد جعفری کے مطابق پولیو کے خاتمے میں جتنا زیادہ وقت لگےگا اس کا خاتمہ اتنا ہی مہنگا پڑےگا۔ انسداد پولیو سرگرمیاں جاری رکھنے کے لیے دیگر امدادی ذرائع کی طرف بھی دیکھ رہے ہیں، افغانستان اور  پاکستان میں پولیو ویکسینیشن مہم کو محفوظ بنایا جائےگا۔

ان کا کہنا تھا کہ امید ہے امریکا پولیو خاتمہ مہم کے لیے امداد بحال کر دےگا۔

دوسری جانب خبر ایجنسی کے مطابق سعودی عرب نے گزشتہ ہفتے پولیو مہم کے لیے 50 کروڑ ڈالر دیے ہیں تاہم ڈبلیو ایچ او کے ساتھ کام کرنے والی گیٹس فاؤنڈیشن کا کہنا ہے کہ امریکی امداد کا خلا کوئی ادارہ پُر نہیں کرسکتا۔

گیٹس فاؤنڈیشن کا کہنا ہےکہ امریکا کے عالمی ادارہ صحت سے نکلنے اور عالمی امداد روکنے سے ڈبلیو ایچ او کی فنڈنگ متاثر ہوئی ہے۔

مزید خبریں :