04 مارچ ، 2025
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں بیٹی کی اپنی ماں کو ران پر کاٹنے اور پھر بال پکڑ کر تشدد کرنے کی وجہ سامنے آگئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق حال ہی میں سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو بھارتی ریاست ہریانہ کے ضلع حصار کی ہے جس میں ایک لڑکی کو اپنی ماں پر بہیمانہ تشدد کرتے دیکھا گیا تھا۔
3 منٹ کی وائرل ویڈیو میں لڑکی اپنی والدہ پر چلاکر کہتی سنی گئی تھی کہ ’ میں تیرا خون پیوں گی‘، اس کے بعد ویڈیو میں لڑکی کو اپنی ماں کی ران پر کاٹتے اور پھر بال کھینچ کر انھیں تھپڑ مارتے دیکھا گیا تھا جس کے جواب میں اس کی والدہ روتے دھوتے اس کی منت کرتی دیکھی گئیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس نے جائیداد کے تنازع پر ماں کو مارنے والی خاتون کو ویڈیو وائرل ہونے کے بعد گرفتار کر لیا، ملزمہ کی شناخت ریٹا کے نام سے ہوئی۔
ریٹا کے خلاف ایف آئی آر اس کے بھائی امردیپ سنگھ کی جانب سے درج کروائی گئی جس میں ریٹا پر والدہ نرملا دیوی کو دھمکیاں دینے، انھیں تکلیف پہنچانے، ناجائز قید میں رکھنے کا الزام عائد کیا گیا۔
ایف آئی آ کے مطابق ریٹا نے 2 سال قبل راج گڑھ کے قریب ایک گاؤں میں سنجے پونیا سے شادی کی تھی لیکن اس کے فوراً بعد وہ اپنی ماں کے گھر واپس آگئی اور جائیداد کے لیے انھیں ہراساں کرنا شروع کر دیا بعد ازاں اپنے شوہر اور ساس کو بھی اپنی ماں کے گھر بلا لیا تھا۔