04 مارچ ، 2025
کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے مصطفیٰ عامر قتل کیس کے مرکزی ملزم ارمغان کے جسمانی ریمانڈ میں 10 مارچ تک کی توسیع کی استدعا منظور کرلی۔
کراچی کی انسداد دہشتگردی عدالت میں تفتیشی افسر نے عدالت سے 10 مارچ تک جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ ملزم انکشافات کر رہا ہے۔ اس پر ملزم ارمغان نے کہا کہ انہوں نے کل بھی اس سے انگوٹھا لگوایا ہے۔
وکیل صفائی نے جسمانی ریمانڈ کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ ارمغان پر تشدد کیا گیا ہے، کل مجسٹریٹ کے سامنے بھی شریک ملزم سے ارمغان کے خلاف بیان لینے کی کوشش کی گئی۔
اس موقع پر عدالت نے قرار دیا کہ ارمغان پر تشدد کے نشان نہیں ملے ہیں۔ سرکاری وکیل نے کہا کہ ملزم انتہائی شاطر ہے جس سے آلہ قتل کے طور پر استعمال ہونے والی اسٹک برآمد کرنی ہے، ملزم نے 300 لڑکے لڑکیوں کو ویڈ کے نشے پر بھی لگایا ہوا ہے۔
عدالت نے مرکزی ملزم ارمغان کے جسمانی ریمانڈ میں 10 مارچ تک کی توسیع کی استدعا منظور کرلی اور کیس کی اگلی سماعت دس مارچ کو ہوگی۔