05 مارچ ، 2025
بھارتی ریاست گوا میں پولیس نے بالی وڈ اداکارہ عائشہ ٹاکیہ کے شوہر فرحان اعظمی کے خلاف ہنگامہ آرائی کا مقدمہ درج کیا ہے جس پر اداکارہ کا ردعمل بھی سامنے آیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گوا پولیس کا کہنا ہے فرحان اعظمی ایک لگژری ایس یو وی میں جارہے تھے کہ مبینہ طور پر تیزرفتاری پر مقامی لوگوں نے انہیں روک لیا، فرحان اعظمی نے پولیس کو فون کرکے مدد طلب کی اور مبینہ طور پر مقامی افراد کو دھمکیاں بھی دیں اور کہا کہ ان کے پاس لائسنس والا اسلحہ بھی ہے۔
گوا پولیس کے مطابق پولیس نے موقع پر پہنچ کر معاملے پر قابو پایا، بعد ازاں کلانگوت پولس اسٹیشن میں فرحان اعظمی اور دیگر افراد کے خلاف ہنگامہ آرائی اور امن و امان میں خلل پیدا کرنے پر ریاست کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا۔
فرحان اعظمی کے خلاف یہ مقدمہ ایسے وقت درج کیا گیا ہے جب ان کے والد اور سماج وادی پارٹی کے رہنما اور مہاراشٹر اسمبلی کے رکن ابو اعظمی کو مغل حکمران اورنگ زیب کی تعریف کرنے پر مقدمے اور انتہاپسندہندوؤں کی جانب سے سخت تنقید کا سامنا ہے۔
اپنے شوہر کے خلاف مقدمے کے اندراج پر عائشہ ٹاکیا نے سوشل میڈیا پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ان کے شوہر کو مہاراشٹر سے ہونے کی وجہ سے تعصب کا نشانہ بنایا گیا، میرے شوہر اور بیٹےکو غنڈوں نے کئی گھنٹوں تک ہراساں کیا اور انہیں دھمکیاں دیں، غنڈوں نے پولیس پر بھی حملہ کیا جسے میرے شوہر نے اپنی مدد کے لیے بلایا تھا۔
عائشہ ٹاکیہ کا کہنا تھا کہ میرے شوہر نے پولیس کو مدد کے لیے بلایا تھا لیکن ان کے خلاف ہی مقدمہ درج کرلیا گیا، گاڑی میں موجود میرے شوہر اور بیٹےکو گالیاں دی گئیں اور مہاراشٹر سے تعلق رکھنے کی وجہ سے نشانہ بنایا گیا۔
بالی وڈ ادکارہ اور ماڈل نے کہا کہ ان کے پاس واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیجز بھی ہیں جو وہ مناسب وقت پر متعلقہ حکام کے ساتھ شیئر کریں گی۔
خیال رہے کہ بالی وڈ اداکارہ عائشہ ٹاکیہ کافی عرصے سے فلم انڈسٹری سے دور ہیں تاہم سوشل میڈیا پر وہ اکثر سرگرم رہتی ہیں۔
بالی وڈ سپر اسٹار سلمان خان کی فلم 'وانٹڈ' سے شہرت حاصل کرنے والی اداکارہ عائشہ ٹاکیہ جو کہ اب عائشہ فرحان ہیں، کافی عرصے سے فلمی دنیا سے دور ہیں۔
2009 میں عائشہ ٹاکیہ نے اسلام قبول کرکے اپنے دوست فرحان اعظمی کے ساتھ شادی کرلی تھی اور فلمی دنیا سے دور ہوگئیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق فرحان اعظمی ایک بزنس مین ہیں جو ہوٹلنگ سمیت مختلف کاروبار سے منسلک ہیں۔