06 مارچ ، 2025
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر عون عباس بپی کی گرفتاری پر پی ٹی آئی نے سینیٹ اجلاس میں شور شرابہ کیا اور واک آؤٹ کیا۔
سینیٹ اجلاس میں پی ٹی آئی رہنما اور اپوزیشن لیڈر شبلی فراز نے سینیٹر عون عباس بپی کی گرفتاری کا معاملہ اٹھایا تو وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نےگرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سینیٹرعون عباس کے خلاف بہاولپور کے تھانہ دراوڑ میں غیر قانونی شکار کی ایف آئی آر درج ہے، عون عباس غیر قانونی حراست میں نہیں بلکہ ضابطے کی کارروائی کا سامنا کر رہے ہیں۔
وزیر قانون کے اعتراف پر اپوزیشن نے حکومت کوشدید تنقید کا نشانہ بنایا اور ایوان سے واک آؤٹ کر دیا۔
شبلی فراز نےکہا کہ گرفتار کرنے والوں نے قانونی تقاضے پورے نہیں کیے۔ سینیٹر علی ظفر نے عون عباس کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنےکا مطالبہ کیا۔
دوسری جانب پولیس کا کہنا ہےکہ سینیٹر عون عباس بپی پرغیر قانونی شکار کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق مقدمہ تھانہ دراوڑ میں محکمہ وائلڈ لائف کے اہلکار کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔مقدمہ عون عباس بپی سمیت 5 نامزد اور 6 نامعلوم افراد پر درج کیا گیا ہے۔
مقدمےکے متن کے مطابق ملزمان نےچولستان میں غیر قانونی طور پر چنکارا ہرن کا شکار کیا، ملزمان نے وائلڈ لائف کی ٹیم کو دیکھ کر فائرنگ کی اور قتل کی دھکمیاں بھی دیں۔